جیو نیوز کی معطلی واپس لی جائے، میڈیا پر غیر ضروری سرکاری مداخلت ختم کی جائے: سی پی جے
جرنلسٹس الائنس پاکستان نے آزادیٔ صحافت اور آزاد میڈیا کے تحفظ سے متعلق عالمی تشویش کو اہم قرار دے دیا
جرنلسٹس الائنس پاکستان (JAP) نے صحافیوں کے تحفظ کے لیے سرگرم عالمی تنظیم کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹس (CPJ) کی جانب سے جیو نیوز کی 15 روزہ معطلی واپس لینے کے مطالبے کو آزادیٔ صحافت اور آزاد میڈیا کے تحفظ کے تناظر میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔
سی پی جے کے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کی جانب سے جیو نیوز کو 15 روز کے لیے معطل کرنے کے فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ تنظیم کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے اقدامات پاکستان کے نیوز میڈیا میں سرکاری مداخلت میں اضافے کا تاثر پیدا کرتے ہیں اور آزاد صحافت کے لیے سازگار ماحول کو متاثر کر سکتے ہیں۔
سی پی جے کے افغانستان و پاکستان کے نمائندے ولی اللہ رحمانی نے پاکستانی حکام پر زور دیا کہ جیو نیوز کی معطلی کا حکم فوری طور پر واپس لیا جائے اور جیو نیوز سمیت تمام آزاد نیوز اداروں کو بلاجواز حکومتی مداخلت کے بغیر پیشہ ورانہ ذمہ داریاں انجام دینے کی اجازت دی جائے۔
پیمرا نے 26 جون کو نشر ہونے والے ایک محرم پروگرام کے بعض مندرجات کو مذہبی جذبات مجروح کرنے اور امنِ عامہ متاثر ہونے کے خدشات کی بنیاد پر جیو نیوز کی نشریات 15 روز کے لیے معطل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان میں ماہِ محرم کے دوران میڈیا کے لیے خصوصی ضابطۂ کار نافذ کیا جاتا ہے، جبکہ مقدس اسلامی شخصیات سے متعلق مواد ملکی قوانین اور ریگولیٹری فریم ورک کے تحت انتہائی حساس تصور کیا جاتا ہے۔
بعد ازاں جیو نیوز نے عوامی معذرت جاری کرتے ہوئے کہا کہ متنازع مواد غیر ارادی طور پر نشر ہوا اور یہ ادارے کی ادارتی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتا۔ ادارے نے فوری طور پر متعلقہ مواد ہٹا دیا، اندرونی تحقیقات کا آغاز کیا اور نشریات کی تیاری اور منظوری میں شامل ذمہ دار ملازمین کو برطرف کرنے کا اعلان بھی کیا۔
جرنلسٹس الائنس پاکستان کا مؤقف ہے کہ آزادیٔ اظہار اور ذمہ دارانہ صحافت ایک دوسرے سے لازم و ملزوم ہیں۔ میڈیا اداروں کو پیشہ ورانہ اور اخلاقی معیارات کی مکمل پاسداری کرنی چاہیے، جبکہ ریاستی اداروں کو بھی ایسے اقدامات اختیار کرنے چاہییں جو آئین، قانون اور بین الاقوامی اصولوں کے مطابق آزادیٔ صحافت، شفاف احتساب اور عوام کے حقِ معلومات کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔
ماخذ: رورل میڈیا نیٹ ورک پاکستان (Rural Media Network Pakistan)

