چنی گوٹھ اور گردونواح میں کپاس کی چنائی کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی

چنی گوٹھ (نامہ نگار) چنی گوٹھ اور گردونواح میں کپاس کی چنائی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ تاہم رواں سال موسمیاتی تبدیلیوں، غیر متوقع بارشوں، شدید گرمی اور کیڑے مکوڑوں کے حملوں کے باعث کپاس کی پیداوار میں نمایاں کمی دیکھنے میں آ رہی ہے، جس سے کسان طبقہ شدید پریشانی کا شکار ہے۔کاشتکاروں کے مطابق اس سال فی ایکڑ پیداوار پچھلے سال کے مقابلے میں کم ہوئی ہے، جبکہ کھاد، بیج اور زرعی ادویات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ موسمیاتی اثرات اور بڑھتے ہوئے زرعی اخراجات نے کپاس کی کاشت کو نقصان دہ بنا دیا ہے، جس کے باعث بہت سے کسان آئندہ فصل کے لیے متبادل فصلوں پر غور کر رہے ہیں۔کسانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ کپاس کے کاشتکاروں کے لیے خصوصی سبسڈی فراہم کی جائے، معیاری بیج، کیڑے مار ادویات اور کھاد آسان اقساط پر مہیا کی جائیں، تاکہ کپاس کی پیداوار کو دوبارہ مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت نے بروقت اقدامات نہ کیے تو کپاس کی فصل میں مسلسل کمی سے ملکی ٹیکسٹائل انڈسٹری بھی متاثر ہو سکتی ہے