صوبائی کابینہ کا 7 واں اجلاس، راک سالٹ لیز میں کرپشن پر ذمہ داروں کے خلاف نیب سے رجوع کرنے کا فیصلہ
فوری طور پر راک سالٹ کی غیرقانونی لیز معطل کی جائیں، 13 ارب ڈالر نمک کے معدنی اثاثے عوام کی امانت ہے: وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف
پالیسی اینڈ سٹریٹجک پلاننگ یونٹ کے 23 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع، خالی آسامیوں پر بھرتی پر پابندی اٹھانے اورایڈورٹائز منٹ پالیسی کی منظوری
لاہور 14مئی: ……صوبائی کابینہ کے اجلاس میں راک سالٹ لیز میں کرپشن پر ذمہ داروں کے خلاف نیب سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے 7ویں اجلاس کی صدارت میں ر اک سالٹ لیزز سے متعلق فیصلہ کرنے کے لئے کمیٹی بنانے کی ہدایت کی گئی جبکہ راک سالٹ پالیسی 2022 اور راک سالٹ پالیسی ترمیم شدہ2023 کی توثیق کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت نہیں دے سکتے،فوری طور پر راک سالٹ کی غیرقانونی لیز معطل کی جائیں۔نمک کا ایک ذرہ بھی ضائع نہ ہو، 13 ارب ڈالر نمک کے معدنی اثاثے عوام کی امانت ہے۔دنیا ہمارا نمک سستے داموں لے جا کر، ویلیو ایڈیشن کے ساتھ مہنگے داموں فروخت کرتی تو ہم کیوں نہیں کر سکتے؟۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ منصب کے تقدس کوبر قرار رکھنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ ہم اپنے اختیارات کو آئینی حدود میں رہ کر استعمال کر رہے ہیں۔بلا وجہ معذرت خوانہ رویہ نہیں ہونا چاہیے،اصول کی بات کرنے میں کوئی خوف نہیں۔صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ اہم تعیناتیوں کے لیے باہمی مشاورت ناگزیر ہے – مخاصمت نہیں لیکن ہر معاملے میں مداخلت قابل قبول نہیں۔ صوبائی وزیر بلال یٰسین کی اہم تعیناتیوں کے لیے وزارتی کمیٹی بنانے کی تجویز پیش کی۔ کابینہ اجلاس میں پرائمری اورسکینڈری ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کے پالیسی اینڈ سٹریٹجک پلاننگ یونٹ کے 23 ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع اور خالی آسامیوں پر بھرتی پر پابندی اٹھانے کی منظوری دی گئی۔پنجاب گورنمنٹ اور ڈسٹرکٹ گورنمنٹس کی سال2016ء سے 2022ء کی سپیشل، پراجیکٹ اورپرفارمنس آڈٹ رپورٹس پیش کی گئی جبکہ حکومت پنجاب کی ایڈورٹائز منٹ پالیسی برائے سال 2024 ء کی منظوری بھی دی گئی۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ پرنٹ، الیکٹرانک، کیبل اور ڈیجیٹل میڈیا پر ایڈورٹائزمنٹ وفاقی حکومت کے طریقہ کار کے مطابق کی جائے گی۔صوبائی وزراء،معاون خصوصی،چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب پولیس، سیکرٹریزاور دیگرنے اجلاس میں شرکت کی۔
***