Advertisements

آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس میں سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے اور کیفر کردار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار

Corps Commanders Conference
Advertisements

راولپنڈی:  آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، ایسے بزدلانہ اقدامات قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی، کانفرنس میں سانحہ پشاور کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

Advertisements

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کور کمانڈرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں کامیابی کیلئے پُرعزم ہیں، بزدلانہ کارروائیاں کسی بھی دہشت گرد تنظیم کیلئے زیرو ٹالرنس کے ساتھ عزم کو مضبوط کرتی ہیں، انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف آپریشن پر فوکس جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کانفرنس کے شرکاء کو درپیش خطرات، دہشت گردی کے بڑھتے واقعات پر بریفنگ دی گئی، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ توڑنے سمیت لائن آف کنٹرول اوردہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن کے بارے میں بھی بریف کیا گیا۔

واضح رہے کہ پشاور پولیس لائنز کی مسجد میں ہونے والے دھماکے میں شہدا کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی جبکہ متعدد کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے بتایا کہ شہدا میں 97 پولیس اہلکار و افسران اور تین سویلین شامل تھے۔ انہوں نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں یہ بھی بتایا کہ واقعے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان کے خراسان گروپ نے قبول کرلی ہے۔