Advertisements

محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام زیادہ کپاس اگاؤ مہم کے سلسلہ میں لمبرداران اور کپاس کے کاشتکاران کا کنونشن

Convention regarding grow more cotton
Advertisements

بہاول پور:9/مئی:حکومت پنجاب کی ہدایت پر محکمہ زراعت توسیع کے زیر اہتمام زیادہ کپاس اگاؤ مہم کے سلسلہ میں لمبرداران اور کپاس کے کاشتکاران کا کنونشن رشیدیہ آڈیٹوریم بہاول پور میں منعقد ہوا جس کی صدارت ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے کی۔ اس موقع پر چیئرمین پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی سی ایشن چودھری وحید ارشد، صدر چیمبر آف کامرس چودھری ذوالفقار احمد، ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع حافظ محمد شفیق، محکمہ زراعت کے افسران،لمبردار اور کپاس کاشت کار موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت میں کپاس کی فصل ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر زیادہ کپاس اگاؤ مہم جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ زیادہ رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت کرنا قومی فریضہ ہے۔ اس سلسلہ میں علاقہ کے لمبردار اور دیگر افراد اپنا فعال کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کپاس نقدآور فصل ہے۔ زمیندار و کاشت کاران کو زیادہ رقبہ پر کپاس کاشت کرنے کی ترغیب دی جائے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری کپاس سفید سونا ہے اور اس کی دنیا بھر میں ڈیمانڈ ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی سطح پر کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جہاں محکمہ زراعت کے متعلقہ افسران و سٹاف زمیندار و کاشت کاران کو کپاس کی بہتر پیداوار کے حصول بارے معلومات فراہم کریں گے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ کپاس کی فصل نہایت اہمیت کی حامل ہے اسے زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کاشت کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ کپاس سے ملک کی معیشت مستحکم ہوگی اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع حاصل ہوں گے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر زراعت توسیع حافظ محمد شفیق نے کنونشن سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے زیادہ رقبہ پر کپاس کاشت کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ کھاد اور بیچ پر سبسڈی دی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کپاس کی زیادہ رقبہ پر کاشت کے لیے لمبردار اور کاشت کار اپنا کردار ادا کریں۔ انھوں نے بتایا کہ کپاس کی امدادی قیمت8500روپے فی من مقرر کی گئی ہے اور بہاول پور ضلع میں کپاس کی کاشت کا ہدف7 لاکھ87ہزار ایکڑ اراضی پر کاشت کا مقرر کیا گیا ہے اور اب تک4لاکھ17ہزار ایکڑ سے زائد رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت کی جا چکی ہے انہوں نے کہا کہ کپاس کی زیادہ اگاؤ مہم کے حوالہ سے کھیتوں میں جاکر کپاس کی فصل کا معائنہ کیا جارہا ہے۔اس موقع پر بتایا گیا کہ کپاس کی زیادہ پیداوار کا مقابلہ منعقد کیا جائے گا جس کے تحت ضلعی سطح پر کپاس کے پیداواری مقابلہ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے کاشت کار کو8 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے کو6 لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ زیادہ کپاس اگاؤ مہم کے حوالہ سے منعقدہ کنونشن سے اسسٹنٹ ڈائریکٹر زراعت توسیع ڈاکٹر محمد اشفاق نے کپاس کی زیادہ رقبہ پر کاشت اور کپاس کی بہتر فصل کے حصول کے لیے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انھوں نے کپاس کی بہتر پیداوار کے لیے کپاس کے کھیت کی درست طریقہ سے تیاری، رجسٹرڈ بیج کے استعمال، کھادوں کا متوازن استعمال، زرعی ادویات کا ضرورت کے مطابق استعمال، مناسب آبپاشی اور پیسٹ سکاؤٹنگ کے حوالہ سے آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر فوجی فرٹیلائزر کمپنی کے نمائندہ عباس ضیا نے کپاس کی بہتر پیداوار کے حصول کے حوالہ سے کھاد کے درست استعمال بارے آگاہ کیا۔ کنونشن سے چیئرمین پاکستان کاٹن جنرر ایسوسی ایشن چودہری وحید ارشدنے کپاس کی فصل کی اہمیت اور ملک کی معیشت میں کردار کے حوالہ سے گفتگو کی۔ انھوں نے بتایا کہ کپاس کیش کراپ ہے اور اس فصل سے بہت سے لوگوں کا روزگار وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کے اہم پروگرام کے تحت زیادہ سے زیادہ رقبہ پر کپاس کی فصل کاشت کی جائے۔ بعدازاں شرکاء کنونشن کے سوالوں کے جوابات بھی دئیے گئے۔