اخبار پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

ماحولیاتی تبدیلیاں ستمبر میں پنجاب کی جامعات سمیت دنیا بھر کے ماہرین کو گورنر پنجاب ہاؤس مدعو کیا جائے گا

Conference on department of social sceinces

ماحولیاتی تبدیلیاں ستمبر میں پنجاب کی جامعات سمیت دنیا بھر کے ماہرین کو گورنر پنجاب ہاؤس مدعو کیا جائے گا گورنر پنجاب انجینئر بلیغ الرحمن – گورنر پنجاب کا اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں تحفظ ماحولیات اور سماجی ذمہ داریوں کے آن لائن کانفرنس میں خطاب

بہاول پور (پ ر)گورنر پنجاب و چانسلر انجینئر بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلیاں کرہ ارض پر شدت سے اثر انداز ہو رہی ہیں۔ خطے میں ماحولیاتی توازن قائم رکھنے کے لیے اقدامات اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں ستمبر کے مہینے میں پنجاب کی جامعات سمیت دنیا بھر کے ماہرین کو گورنر پنجاب ہاؤس مدعو کیا جائے گا۔ گورنر پنجاب نے ان خیالات کا اظہار آج اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں تحفظ ماحولیات اور سماجی ذمہ داریوں کے آن لائن کانفرنس میں خطاب میں کیا۔ انہوں نے اس اہم مسئلے کو اجاگر کرنے اور اس کے لیے مختلف اقدامات کرنے پر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کو مبارکباد دی۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کی جانب سے کلائمیٹ چینج کے حوالے سے کنسورشیم کا قیام، جامعہ اسلامیہ میں شمسی توانائی پروجیکٹ کی تنصیب، ماحول دوست توانائی کے فروغ میں انتہائی اہم اقدام ہے۔ انہوں نے وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور سینئر فیکلٹی ممبر ز کو ماحولیات کے حوالے سے مختلف اقدامات اٹھانے پر سراہا۔ اس موقع پر پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے کہا کہ عالمی سطح پر بڑے پیمانے پر کاربن گیسوں کا اخراج ماحولیاتی تبدیلیوں  کا باعث ہے۔ اس سلسلے میں امریکہ، چین اور بھارت کاربن گیسوں کے اخراج میں سب سے آگے ہیں۔ اس صدی کے اختتام پر دنیا کی آبادی 20ارب تک پہنچ جائے گی۔ 1850سے شروع ہونے والے صنعتی انقلاب کے بعد سے آج تک انسانی سرگرمیوں کے باعث کاربن گیسوں کا اخراج بلند ترین سطح پر ہے جو گلوبل وارمنگ اور دیگر موسمیاتی تبدیلیوں کی شکل میں ہمارے سامنے موجود ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے بین الاقوامی معیارات پر تمام ممالک سختی سے عملدرآمد کریں اور ایسی ٹیکنالوجیز اپنائیں جو آلودگی میں کمی کا باعث بنیں۔ سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نجف اقبال نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے لیے انڈسٹری، اکیڈمیا اور ماہرین کا اشتراک بہت ضروری ہے۔ سماجی اور معاشرتی ترقی کے لیے ماحولیاتی خطرات سے نمٹنا بہت ضروری اور جامعات میں موجود ماہرین اس کے لیے بہترین حل پیش کر سکتے ہیں۔ انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور نے ماحولیات کے حوالے سے آن لائن کانفرنس میں گورنرپنجاب انجینئر بلیغ الرحمن، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نجف اقبال، وائس چانسلرز اور دیگر ماہرین کی شرکت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ماحول دوست اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور بنیادی اقدار میں شامل ہیں اور یونیورسٹی اس حوالے سے بڑے پیمانے پر اس سیکٹر پر کام کر رہی ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم کی سربراہی میں انٹر یونیورسٹی کنسورشیم قائم ہوا تاکہ یونیورسٹی میں موجود تمام شعبہ جات مل کر ماحولیات کے تحفظ کے لیے اپنی توانائیاں یکجا کریں۔ اس کے بعد انٹر یونیورسٹی کنسورشیم برائے موسمیاتی تبدیلی قائم ہوا جس میں 50سے زائد جامعات اور ادارے شامل ہیں۔ اپنی نوعیت کے اس منفرد کنسورشیم کو گورنر پنجاب سمیت تمام اعلیٰ شخصیات نے پذیرائی کی۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس لیول پر ایسے کورسز متعارف کرئے گئے ہیں جو ماحول کے حوالے سے آگاہی اور شعور بیدار کرتے ہیں۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں قائم شعبہ انوائرمنٹل سائنسز ماحولیات میں 4سالہ بی ایس ڈگری فراہم کررہا ہے۔ اس وقت یونیورسٹی میں شمسی توانائی سے 3میگا واٹ سولر انرجی حاصل کی جا رہی ہے جو موسم سرما میں کیمپس ضروریات کے لیے کافی ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں 3سال پہلے گرین کیمپس پروجیکٹ شروع کیا گیا تاکہ ماحول دوست کیمپس کا قیام عمل میں آئے جہاں پر قابل تجدید توانائی فراہم ہو، خوراک کا ضیاع کم سے کم ہو اور ویسٹ مینجمنٹ کا بھی انتظام موجود ہو۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور میں اس سال کے آخر میں واٹر ویسٹ ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب کر رہی ہے۔ ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی کی نگرانی میں سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ سنٹر قائم کیا گیا ہے تاکہ دیر پا ترقی کے احداف کے حصول میں اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور موثر طور پر اپنا کردار ادا کر سکے۔ اس موقع پر وائس چانسلر انسٹی ٹیوٹ آف ورلڈ ڈویلپمنٹ اکنامکس ڈاکٹر ندیم الحق، ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی، پروفیسر ڈاکٹر شازیہ انجم ڈین فیکلٹی آف کیمیکل اینڈ بائیو لوجیکل سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا،چیئرمین شعبہ سوشل ورک، ڈاکٹر محمد عبداللہ، ڈائریکٹر بائیو ڈائیورسٹی پارک، ملکی اور بین الاقوامی ماہرین نے خطاب کیا۔ ان میں پروفیسر ڈاکٹر جی لی، انوائرمنٹل کمیونیکیشن، ووہان یونیورسٹی چائینہ، پروفیسر کے کوپیرن وشواناتھن، ملائیشیا، ڈاکٹر ثمینہ خلیل، ممبر اکنامک ایڈوائزری کونسل، وزیر اعظم پاکستان آن انوائر منٹل پولیوشن کنٹرول پالیسی، عمارہ درانی، نمائندہ UNDP، فرزانہ الطاف شاہ، ڈائریکٹر جنرل پاکستان انوائرمنٹ پروٹیکشن ایجنسی، عاشق احمد خان، عمار جعفری چیئرمین ڈیجیٹل پاکستان، ڈاکٹر ہایو پربووو ڈائریکٹر ریسرچ سنٹر، ڈاکٹر نیروشا ہیواویلالج یونیورسٹی آف ویکاٹو نیوزی لینڈ اورزوو یوکسوان وائس ڈائریکٹر ایکولوجیکل کلچر ڈویلپمنٹ سنٹر چائنہ نے خطاب کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر روبینہ بھٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے فیکلٹی اور طلباء وطالبات کی جانب سے اس عہد کی تجدید کی کہ ماحولیات کے حوالے سے اکیڈمیا لیول پر سرگرمیوں کوبڑھایا جائے گا تاکہ یونیورسٹی ماہرین اس اہم ترین چیلنج کا مقابلہ کر سکیں۔ کانفرنس کے فوکل پرسن چیئرمین شعبہ معاشیات ڈاکٹر عابد رشید گل نے کانفرنس کے انعقاد میں خصوصی تعاون اور سرپرستی پر وائس چانسلر کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے گورنر پنجاب و چانسلر کی شرکت، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب، سیکرٹری ہا ئر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ اور دیگر ماہرین کا شکریہ ادا کیا۔ 

مزید پڑھیں