Advertisements

ضلع رحیم یار خان میں محرم الحرام کے دوران 914 مذہبی اجتماعات کے انعقاد کے لیے جامع سکیورٹی پلان تشکیل

Comprehensive Security Plan Devised for 914 Religious Gatherings During Muharram in Rahim Yar Khan District
Advertisements

ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کی ہدایت پر تمام جلوسوں اور مجالس کے لیے پولیس نفری تعینات کر دی گئی


 محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 38 شعلہ بیان مقررین کی ضلع بندی اور 26 افراد کی زبان بندی کے احکامات جاری کر دیے گئے

Advertisements

جن پور (نامہ نگار)ضلع رحیم یار خان میں یکم تا 10 محرم الحرام کے دوران 457 جلوس اور 457 مجالس سمیت مجموعی طور پر 914 مذہبی اجتماعات کے انعقاد کے لیے جامع سکیورٹی پلان تشکیل دے دیا گیا ہے۔ ڈی پی او رحیم یار خان عرفان علی سموں کی ہدایت پر تمام جلوسوں اور مجالس کے لیے پولیس نفری تعینات کر دی گئی ہے جبکہ امن و امان کے قیام کے لیے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں

پولیس ترجمان کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے 38 شعلہ بیان مقررین کی ضلع بندی اور 26 افراد کی زبان بندی کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ تمام پولیس افسران و اہلکاروں کی بائی نیم ڈیوٹیاں لگا کر انہیں سکیورٹی ایس او پیز سے آگاہ کر دیا گیا ہے ڈی پی او عرفان علی سموں نے کہا کہ اس سال جلوسوں اور مجالس کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ پولیس اہلکاروں کو باڈی کیمرے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ سیف سٹی سسٹم کو مانیٹرنگ کا باقاعدہ حصہ بنایا گیا ہے۔

ضلع کی تمام امام بارگاہوں کو علیحدہ علیحدہ کیو آر کوڈز جاری کیے گئے ہیں اور پہلی مرتبہ پینک بٹن سسٹم متعارف کرایا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اطلاع اور بروقت کارروائی کو یقینی بنایا جا سکےانہوں نے بتایا کہ جلوسوں اور مجالس کی چوبیس گھنٹے نگرانی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے کی جائے گی جبکہ ڈرون کیمروں کی مدد سے فضائی نگرانی بھی جاری رہے گی۔ جلوسوں کے راستوں کو ہارڈ بیریئرز اور خار دار تاروں کے ذریعے محفوظ بنایا جائے گا جبکہ تمام سرکلز اور ضلعی ہیڈکوارٹرز پر پولیس کے ریزرو دستے ہائی الرٹ رہیں گے ڈی پی او عرفان علی سموں کا کہنا تھا کہ محرم الحرام کے دوران امن، مذہبی ہم آہنگی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ضلعی انتظامیہ باہمی تعاون اور مؤثر رابطہ کاری کے ساتھ فرائض انجام دیں گے تاکہ محرم الحرام کے تمام پروگرام پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوں