انسداد پولیو مہم کے اہداف اور انتظامی امور بروقت مکمل کیے جائیں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا
پولیو کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس قومی فریضے کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت قابل قبول نہیں ہوگی ڈپٹی کمشنر کی ہدایت
یہ مہم 2 فروری سے 4 فروری 2026 تک جاری رہے گی، جبکہ 5 فروری کو رہ جانے والے بچوں کے لیے کیچ اپ پولیو ایکٹیویٹی منعقد کی جائے گی۔
بہاول پور:ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے کہا ہے کہ انسداد پولیو مہم کے اہداف اور انتظامی امور بروقت مکمل کیے جائیں۔انہوں نے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون کے ساتھ مہم کو کامیاب بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کا مکمل خاتمہ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور اس قومی فریضے کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت قابل قبول نہیں ہوگی۔ اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ مہم 2 فروری سے 4 فروری 2026 تک جاری رہے گی، جبکہ 5 فروری کو رہ جانے والے بچوں کے لیے کیچ اپ پولیو ایکٹیویٹی منعقد کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے واضح ہدایات جاری کیں کہ کوئی بھی بچہ پولیو ویکسین سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں گی تاکہ ضلع بہاولپور کو پولیو فری بنانے کے ہدف کو یقینی بنایا جا سکے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس مہم کے دوران ضلع بھر میں 8 لاکھ 24 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے 3276 موبائل ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی، جبکہ 195 فکسڈ ٹیمیں اور 136 ٹرانزٹ ٹیمیں بھی تعینات کی جائیں گی تاکہ بس اڈوں، ریلوے اسٹیشنز اور دیگر اہم مقامات پر بچوں کو ویکسین کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ مہم کی مؤثر نگرانی کے لیے 122 یونین کونسل مانیٹرنگ افسر مقرر کیے جائیں گے، جو فیلڈ میں ٹیموں کی کارکردگی، کوریج اور معیار کی مسلسل نگرانی کریں گے۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ فیلڈ میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی اور والدین کو پولیو ویکسین کی اہمیت سے آگاہ کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہم بھی چلائی جائے۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر عامر بشیر نے انسداد پولیو مہم کے انتظامات، ٹیموں کی تربیت، ویکسین کی دستیابی اور سکیورٹی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے تاکہ مہم کامیابی سے ہمکنار ہو اور ہر بچے تک پولیو ویکسین کی رسائی ممکن بنائی جا سکے۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد طیب، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور سٹی خلیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر بہاول پور صدر،محکمہ صحت اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔–

