Advertisements

کمشنر راجہ جہانگیر انور نے انٹرنیشنل آرکائیوز ڈے کے موقع پر بہاول پور میوزیم میں منعقدہ نمائش کا افتتاح کیا

commissioner-raja-jahangir-inaugurated-on-international-archives-day-1
Advertisements

بہاول پور:9/جون ( ) کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ ترقیاتی معاشروں کی پہچان اپنی تاریخ کوصحیح حالت میں محفوظ رکھنے اور نسل نو تک منتقل کرنے سے ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل آرکائیوز ڈے کے موقع پر بہاول پور میوزیم میں منعقدہ نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر تعلقات عامہ بہاول پور ڈاکٹر ناصر حمید، ڈائریکٹر بہاول پور آرٹس کونسل سجاد حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم رشید احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر تعلقات عامہ بہاول پور عابد حسن رضوی، ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئرآفیسر رانا عمران، چیئرمین شعبہ آرکیالوجی اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور ڈاکٹر محمد خلیل،اسسٹنٹ ڈائریکٹرز بہاول پور آرٹس کونسل مہ جبین طاہر، ملک ذکاء اللہ،بہاول پور کے نامور خطاط و آرٹسٹ، شعبہ تاریخ و آرکیالوجی سے وابستہ طلبا و طالبات اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ معاشرتی ترقی میں آرکائیوز کا کردار ناگزیر ہے اور لائبریریوں اور عجائب گھروں کی طرح نیشنل آرکائیوز بھی علمی، تحقیقی، سماجی، ثقافتی اور سیاسی ترقی کے اہم ستون ہیں جن کی اہمیت ہر دور میں مسلمہ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخی دستاویزات کو محفوظ کرنے میں بہاول پور میوزیم کا کردار قابل ستائش ہے اور بہاول پور میوزیم اپنی نوادرات اور تاریخی دستاویزات کے بدولت بیک وقت میوزیم اور آرکائیوز سنٹر کے طور پر اپنی مثال آپ ہے۔کمشنر بہاول پور نے کہا کہ بلاشبہ بہاول پور میوزیم میں قیمتی تاریخی دستاویزات کا وسیع ذخیرہ موجود ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ریاست بہاول پور اپنے وقت کی جدید ریاست تھی اور ریاستی دور کی انتظامی رپورٹس، رجسٹر و دیگر آرکائیول مواد نواب آف بہاول پور کے مضبوط انتظام و انصرام کا منہ بولتا ثبوت ہے۔دریں اثناء ڈائریکٹر بہاول پور میوزیم محمد زبیر ربانی نے کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کو آرکیالوجی کے حوالہ سے یادگاری سونیئر بھی پیش کیا۔ راجہ جہانگیر انور نے ڈائریکٹر میوزیم محمد زبیر ربانی کو کامیاب نمائش کے انعقاد پر مبارکباد بھی دی۔قبل ازیں کمشنربہاول پور ڈویژن کو نمائش میں رکھے گئے مخطوطات، انتظامی رپورٹس اورتحریک پاکستان کے اخباری تراشوں و دیگر دستاویزات کے بارے میں تفصیلاً بریفنگ دی گئی۔