کمشنر راجہ جہانگیر انور کا پاکستان ادارہ شماریات کے زیر انتظام جاری تربیتی ورکشاپ برائے مردم شماری کے افتتاحی سیشن سے خطاب

بہاول پور:20/دسمبر( )کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے پاکستان ادارہ شماریات کے زیر انتظام جاری تربیتی ورکشاپ برائے مردم شماری کے افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ درست مردم شماری اور ڈیٹا کا ریکارڈ مستقبل کی منصوبہ بندی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ درست اعداد و شمار کی بدولت وسائل اور ضروریات کا تعین کرکے ترقی کے اعشارے ترتیب دئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیتی سیشنز کو آن لائن محفوظ کیا جائے تاکہ آئندہ بھی استفادہ کیا جا سکے۔پاکستان ادارہ شماریات کے زیر اہتمام ساتویں مردم شماری کے سلسلے میں بہاول پور ڈویژن کے ٹرینرز کی ٹریننگ بہاول پور کے تین ہالز میں 19دسمبر سے23دسمبر تک جاری رہے گی۔چیف شماریات آفیسر اور ڈویژنل انچارج مردم شماری پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس ریاض احمد اور ماسٹر ٹرینر غلام یاسین زیر نگرانی تین ماسٹر ٹرینرز بہاول پور کے تین اضلاع سے آئے ہوئے ٹرینرز کو ٹریننگ دیں گے۔ اس موقع پر چیف شماریات آفیسر ریاض احمد نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان ادارہ شماریات ملک بھر میں صوبائی حکومتوں کے تعاون سے ساتویں مردم شماری کرا رہاہے جس کی منظوری کونسل آف کامن انٹرسٹ نے مارچ2022 ء میں دی تھی۔ انھوں نے بتایا کہ یہ ملک کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری ہوگی جس میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی اور ٹیبلٹس کے ذریعے ہر فرد کو گنا جائے گا۔ پانچ روزہ ٹریننگ میں بہاول پور ڈویژن کے تمام اضلاع سے محکمہ تعلیم کے افسران کے ساتھ ساتھ نادرا کے افسران کو بھی ٹریننگ دی جائے گی جو بعد میں اپنی اپنی تحصیلوں میں شمارکنندگان اور سپروائزرز کو تربیت دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مرحلہ7جنوری 2023سے شروع ہو کر21جنوری تک جاری رہے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان کا ہر شہری جس کے پاس موبائل اور انٹرنیٹ کی سہولت موجود ہے وہ سیلف اینیومریشن کا حصہ بن سکتا ہے یعنی خود اپنے گھر کے افراد کا اندراج کرسکتا ہے جس کی مزید تصدیق مردم شماری کا عملہ موقع پر کرے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان ادارہ شماریات نے ڈیش بورڈ بھی بنائے ہیں جس سے متعلقہ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنر اپنے دفاتر میں بیٹھ کر مردم شماری کی رئیل ٹایم سپرویژن کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر ڈویژنل کوآرڈی نیٹر نے متعلقہ محکموں کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔