یوم استحصال کشمیر کمشنر راجہ جہانگیر انور کا تقریب سے خطاب واک کی قیادت
بہاول پور:5/اگست( )کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ بھارت نے آج سے 3برس قبل 5اگست 2019ء کو ظالمانہ، غاصبانہ اور یکطرفہ طور پر اقوام متحدہ کی قراردادوں کی نفی کرتے ہوئے آئین میں ایک متنازعہ ترمیم کے ذریعہ مقبوضہ کشمیر کا خصوصی سٹیٹس تبدیل کیااور اس اقدام پر اقوام عالم کی پراسرار خاموشی خطہ میں قیام امن کے حوالہ سے جاری کوششوں پر سوالیہ نشان ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنمنٹ صادق ڈین ہائی سکول بہاول پور میں یوم استحصال کشمیر کے حوالہ سے منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنربہاول پور عرفان علی کاٹھیا،اسسٹنٹ کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، چیف ایگزیکٹیو آفیسر ایجوکیشن ظہور احمد چوہان، اساتذہ کرام، طلبا اور سول سوسائٹی کے ممبران کثیر تعداد میں موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ بھارت نے اپنے تئیں آئین میں متنازعہ ترمیم کے ذریعہ کشمیر کو ہڑپ کرنے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت اور جدوجہد آزادی کشمیر کوسبوتاژ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی ہے اور بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں لاکھوں کی تعداد میں غیر کشمیری لوگوں کو بسایا جانا بھی اسی سلسلہ کی ہی ایک کڑی ہے لیکن پوری پاکستانی قوم اور امت مسلمہ بھارت کی ان غاصبانہ کوششوں کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری بہن بھائیوں کی جدوجہد آزادی کے حوالہ سے جاری کوششیں رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کی جانب سے سیاسی،سفارتی اور اخلاقی محاذ پر کشمیری بہن بھائیوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے مزید کہا کہ ہندوستان اس متنازعہ اقدام کے بعدسے اب تک مقبوضہ کشمیر میں 40 لاکھ غیر کشمیری لوگوں کو بساچکا ہے جبکہ دوسری جانب ہندوستانی فوج نے نہتے کشمیریوں پر ظلم کے پہاڑ توڑ ڈالے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی ہی دراصل خطہ میں امن و استحکام کی ضامن ہے اوران ظالمانہ اقدامات کے خلاف اقوام عالم اور عالمی اداروں کو اپنا فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔کمشنر بہاول پور نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کوششیں ایک دن ضرور رنگ لائیں گی اور بھارت کواقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرتے ہوئے نہ صرف مقبوضہ کشمیر کا خصوصی سٹیٹس بحال کرنا پڑے گا بلکہ کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت بھی دینا ہو گا۔بعد ازاں کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور کی قیادت میں گورنمنٹ ایس ڈی ہائی سکول بہاول پور سے فرید گیٹ تک کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے یوم استحصال کشمیرواک کا اہتمام بھی کیا گیا۔یوم استحصال کشمیر واک میں ڈپٹی کمشنربہاول پور عرفان علی کاٹھیا، اسسٹنٹ کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی، سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان، ہیڈ ماسٹر ایس ڈی ہائی سکول محمد اختر، محکمہ تعلیم کے افسران، اساتذہ کرام، طلبااور سول سوسائٹی کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔شرکائے واک نے پوسٹرز،بینرزاور پینا فلیکس تھام رکھے تھے جن پر کشمیر کی آزادی اور کشمیری بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے حوالہ سے عبارتیں درج تھیں۔