کمشنر راجہ جہانگیرانور کی یتیم بچوں کے سپورٹس گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت

بہاول پور:21/دسمبر: کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے ڈرنگ اسٹیڈیم میں یتیم بچوں کے لیے منعقد کیے گئے سپورٹس گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ سپورٹس گالا میں دارالفلاح، دارالاطفال اورہوم سویٹ ہوم میں مقیم یتیم بچوں اور بچیوں نے شرکت کی اور مختلف کھیلوں میں حصہ لیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ کمشنر بہاول پور نے کہا کہ رواں سال ترقیاتی پروگرام کے تحت دارالفلاح، دارالاطفال اورہوم سویٹ ہوم میں مقیم بچوں کے لیے ایک سپیشل پارک بنایا جائے گا جہاں ان بچوں کی ضروریات کے مطابق کھیلوں کی تمام تر سہولیات ایک ہی پارک میں فراہم کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا کہ یتیم بچوں کی کفالت اور بہترین تربیت سے انھیں معاشرے کا مفید رکن بنایا جا سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمارے نبی اکرمؐ نے یتیم کے سر پر دستِ شفقت اور کفالت کا درس دیا ہے۔ ہمیں ان بچوں کو آگے بڑھنے کے لیے مواقع کی فراہمی میں کردار ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بے سہارا بچوں کا احساسِ محرومی ختم کرنے کے لیے ان کے ساتھ نرمی سے پیش آیا جائے اور ان کے اداروں میں جا کر ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاول پور غلام یٰسین، ڈویژنل سپورٹس آفیسر مقصود الحسن، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر ناصر حمید، اسسٹنٹ کمشنر جنرل محمد طیب، ایم ڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد زمان وٹو، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر سحر صدیقہ، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اصغرشاہین، ڈپٹی ڈائریکٹر انفرمیشن عابد حسن رضوی، سی ای او ایجوکیشن محمد شہباز، محکمہ سپورٹس و محکمہ سوشل ویلفیئر کے افسران موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر بہاول پور اور محکمہ سپورٹس کے افسران مبارک باد کے مستحق ہیں کہ انھوں نے یتیم بچوں کے لیے خوبصورت ایونٹ ترتیب دیا اور صحت مند سرگرمی کا انعقاد کیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے مختلف کھیلوں اور اتھلیٹکس میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے بچوں کو انعامات دیے۔