Contact Us

کمشنر راجہ جہانگیر انور نے سانحہ فیروزہ میں شہید ہونے والے مسافروں کے ورثاء میں امدادی چیک تقسیم کئے

Commissioner Raja Jahangir Anwar distributed relief checks

بہاول پور:16/اگست( ) کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے رحیم یارخاں کے علاقے فیروزہ کا دورہ کیا جہاں گذشتہ دنوں چینی سے لوڈ ٹرک منی مسافر کوچ پر الٹ گیا تھا اور اس افسوسناک حادثہ میں 13 مسافر شہید جبکہ 5 زخمی ہو گئے تھے۔ کمشنربہاول پور ڈویژن نے سانحہ فیروزہ میں غم زدہ خاندانوں سے تعزیت کی اور شہدأ کے ورثاء کو وزیراعلیٰ پنجاب کا تعزیتی پیغام پہنچایا۔ کمشنر بہاول پورراجہ جہانگیر انورنے معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب عامر نواز چانڈیہ اور ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں سید موسیٰ رضا کے ہمراہ فیروزہ سانحہ میں شہید ہونے والے مسافروں کے ورثاء میں دو لاکھ روپے فی کس کے امدادی چیک تقسیم کئے۔کمشنر بہاولپور نے منی مسافر کوچ پر ٹرک الٹنے کے جائے حادثہ کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے افسوسناک واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔انھوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے فوری طور پر معاون خصوصی اور ہمیں غم زدہ خاندانوں کی داد رسی کے لئے بھیجا ہے۔کمشنر بہاولپور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ امدادی رقم قیمتی انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں۔ تاہم کچھ دکھوں کا مداوا کر سکتی ہے۔اس موقع پر انھوں نے کہا کہ افسوسناک واقعہ کے محرکات کا تعین کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے فیروزہ کے مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حادثہ کا باعث بننے والی ٹوٹ پھوٹ کی شکار سڑک کو 15 دنوں میں مرمت کیا جائے گا۔ کمشنر بہاول پور نے کہا کہ: سیوریج کے تمام مسائل حل کرنے کے لئے متعلقہ محکمہ کو ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔ رحیم یار خان: وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی عامر نواز چانڈیہ نے اس موقع پر کہا کہ  حکومت پنجاب غم زدہ خاندانوں کے صدمہ میں برابر شریک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ دیرینہ مسائل کے حل کے لئے 13 افراد کو اپنی جانوں کا نذرانہ دینا پڑا۔ عامر نواز چانڈیہ نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں نے بتایا کہ فیروزہ روڈ کی بحالی و مرمت کا آغاز کر دیا گیا ہے اور پندرہ روز میں سڑک کی مرمت کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان نے  سیوریج کی بحالی کے لئے محکمہ پبلک ہیلتھ کو ایک ماہ کا وقت دیا ہے۔

مزید پڑھیں