Contact Us

بہاول پور ڈویژن میں 9998.664ملین روپے تخمینہ لاگت کیجاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا

Commissioner Nadar Chattha reviews development projects in high level meeting

کمشنر نادر چٹھہ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ کمشنر بہاول پور

بہاول پور:18/ اپریل:کمشنر بہاولپور ڈویژن نادر چٹھہ کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں بہاول پور ڈویژن میں  9998.664ملین روپے تخمینہ لاگت کیجاری اور نئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ایس ای ہائی ویز انجینئر فرخ ممتازوڑائچ،ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی لیاقت علی گیلانی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ڈاکٹر سید تنویر حسین،ایڈیشنل ڈائریکٹر محکمہ تعلیم ظہور احمد چوہان، ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے روبینہ اقبال عباسی، چیف ایگزیکٹو آفیسر تعلیم محمد اکرم، چیف لائبریرین ڈاکٹر جاوید اقبال،ڈپٹی ڈائریکٹر وقاص محمد دین،چیف آفیسرمیونسپل کارپوریشن بہاول پور میاں اظہر جاوید سمیت دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔کمشنر نادر چٹھہ نے اجلاس میں کہا کہ  بہاول پور کے سیوریج سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لئے 1312.864ملین روپے تخمینہ لاگت کا منصوبہ جلد شروع کیا جائے گا۔کمشنر بہاول پور نے کہا کہ سکولوں میں واٹر فلٹریشن پلانٹس لگانے کے لئے 600ملین روپے تخمینہ لاگت کا منصوبہ تشکیل دیا جائے گا۔نیزنئی سڑکوں کی تعمیر، پرانی سڑکوں کی مرمت و بحالی اورسٹریٹ لائٹس کی تنصیب کے 5664.6ملین روپے تخمینہ لاگت کے مجوزہ منصوبہ پربھی کام کیا جائے گا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ شہر کو سرسبز و شاداب بنانے اورشہر کے داخلی راستوں کی خوبصورتی کے لئے مانومنٹ کی تنصیب کے 400ملین روپے تخمینہ لاگت کے مجوزہ منصوبہ شروع کیا جائے گا۔اجلاس میں بہاول پور کے تاریخی قلعوں موج گڑھ اور جام گڑھ کی بحالی کے لئے 1300ملین روپے تخمینہ لاگت کے منصوبہ کا جائزہ لیا گیا۔ کمشنر بہاول پورنے کہا کہ چڑیا گھر بہاول پور کی اپ گریڈیشن و بحالی کے لئے 380 ملین روپے لاگت کا منصوبہ تجویز کیا گیا ہے جبکہ مذبحہ خانہ اور جنرل بس سٹینڈ کی اپ گریڈیشن کے لئے 71.2ملین روپے تخمینہ لاگت کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سینٹرل لائبریری بہاول پور کی اپ گریڈیشن کے لئے 120ملین روپے اورگنویری والا پراجیکٹ کے لئے 50ملین روپے تخمینہ لاگت کا منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ  ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا۔ انہوں نے ڈویژن میں جاری مختلف محکموں کی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ لیا۔مختلف منصوبوں پر پیش رفت بارے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وقاص محمد دین اور انجینئر فرخ ممتازنے کمشنر بہاول پور کو بریفنگ دی۔کمشنر نادر چٹھہ نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر بہاول پور ڈویژن میں ترقی کا سفر تیزی سے جاری ہے۔ اجلاس میں شریک تمام محکموں کے افسران نے اپنے متعلقہ محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں بارے تفصیلات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ کمشنربہاول پور ڈویژن کو اجلاس میں بہاول پور شہر کے سیوریج سسٹم بارے بھی تفصیلی بریفنگ اور اہم شاہراہوں کی تعمیر کے موقع پر بارش ا ور سیوریج کے پانی کی نکاسی کے سسٹم بارے آگاہ کیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ نے اجلاس میں بتایا کہ ضلع میں جاری تمام سیکٹرز کے عوامی فلاحی منصوبوں کی کڑی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا اور تمام متعلقہ حکام پر واضح کردیا گیاہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے معیارپر کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔اجلاس میں بہاول پور ڈویژن کے لئے مجوزہ نئے میگا پراجیکٹس کو زیر غور لایا گیا۔

مزید پڑھیں