نگہبان رمضان پیکیج کی مستحق خاندانوں کی دہلیز پر فراہمی کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے کمشنر نادر چٹھہ
پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہوں اور رمضان المبارک میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں ۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن کی اعلیٰ سطحی انتظامی اجلاس میں ہدایت
۔
بہاول پور:13/ مارچ( ) کمشنر بہاول پور ڈویژن نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نگہبان رمضان پیکیج کی تقسیم، پرائس کنٹرول،گراں فروشی کے خلاف اقدامات اور صاف ستھرا پنجا ب پروگرام کے تحت اقدامات کو مکمل کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر کے کمیٹی روم میں ایک اعلیٰ سطحی انتظامی اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ اجلاس میں ریجنل پولیس آفیسر رائے بابر سعید، ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ایڈیشنل کمشنر جام آفتاب حسین سمیت متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق نگہبان رمضان پیکیج کی مستحق خاندانوں کی دہلیز پر فراہمی کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے اور ذخیرہ اندوزوں و گراں فروشی میں ملوث افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں متحرک ہوں اور رمضان المبارک میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے اجلاس کو بتایا کہ نگہبان رمضان پیکیج کے تحت 2 لاکھ 56 ہزار ایک سو33 گھرانوں کو راشن بیگ فراہم کیے جائیں گے اور اس سلسلہ میں 2 لاکھ 25 ہزار گھرانوں کا تصدیقی عمل مکمل ہو چکا ہے۔ اس ضمن میں 63 ہزار6 سو سے زائد راشن بیگ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔