کپاس کی فصل کی کاشت کے لئے بروقت پانی مہیا کیا جائے : کمشنر نادر چٹھہ
کھاد و پیسٹی سائیڈز کی ذخیرہ اندوزی اوردونمبری میں ملوث عناصرکے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے تاکہ کپاس کی کاشت 15مئی سے پہلے مکمل کی جا سکے
کمشنر بہاول پور ڈویژن کی محکمہ زراعت کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی اور کاٹن کراپ مینجمنٹ مانیٹرنگ کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی کی صدارت کرتے ہوئے ہدایات
بہاول پور:3/ اپریل: کمشنر بہاول پور ڈویژن نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ کپاس کی فصل کی کاشت کے لئے بروقت پانی مہیا کیا جائے اور کھاد و پیسٹی سائیڈز کی ذخیرہ اندوزی اوردونمبری میں ملوث عناصرکے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی جائے تاکہ کپاس کی کاشت 15مئی سے پہلے مکمل کی جا سکے۔یہ ہدایات انہوں نے آج یہاں اپنے دفتر کے کانفرنس روم میں محکمہ زراعت کے تمام شعبہ جات کی کارکردگی اور کاٹن کراپ مینجمنٹ مانیٹرنگ کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ڈائریکٹر زرعی انجینئرنگ قمر نواز، ڈائریکٹر کراپ رپورٹ سروس آمنہ وجاہت، ڈائریکٹر واٹر مینجمنٹ محمد حبیب اللہ، ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ احمد نوید، زراعت آفیسر ٹیکنیکل محمد شفیق، انچارج پیسٹی سائیڈ سلمیٰ کوثر اور انچارج سوائل اینڈ واٹر لیب خرم پرویز سمیت ریسرچ سے وابستہ مختلف شعبہ جات کے سربراہان موجود تھے۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع جمیل غوری نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ رواں سال ڈویژن بھرمیں 18لاکھ 69ہزار ایکڑ رقبہ پر کپاس کاشت کی جائے گی اور اس سلسلہ میں کاشتکاروں کو کپاس کی جلد از جلد کاشت کی منصوبہ بندی اور دیگر عوامل کے حوالے سے بھرپور ترغیبی مہم چلائی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گاؤں کی سطح پر فامرز تربیتی پروگرام کے انعقاد سمیت سوشل میڈیا، پرنٹ میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا جیسے عوامل کو بھی بھرپور طریقے سے بروئے کار لایا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹر زراعت توسیع نے مزید بتایا کہ اس سلسلہ میں پی سی پی اے، ایپٹما، پی سی جی اے، کھاد اور پیسٹی سائیڈ کمپنیوں سمیت دیگر تمام سٹیک ہولڈرز کو اس مہم میں شامل کیا جا رہا ہے اور کپاس کی بجائی سے لے کر برداشت تک ساتھ رکھا جائے گا۔ چیف انجینئر اریگیشن ذوالفقار علی نے بتایا کہ اس سال ارسا نے پانی کی کمی کا عندیہ دیا ہے۔ تاہم اریگیشن ڈیپارٹمنٹ اس سلسلہ میں مکمل تعاون کرے گا اور زیر زمین کڑوے پانی والے علاقوں میں نہری پانی کی فراہمی کو بہتر بنایا جائے گا۔ ڈائریکٹر پیسٹ وارننگ نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ کپاس کی کاشت کے حوالہ سے جاری اس مہم کے د وران جعلی زرعی ادویات کی روک تھام کے لئے بھرپور مہم چلائی جائے گی۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ اس مہم کے دوران انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پرچھاپے مارے جائیں اور دو نمبر زرعی ادویات کا دھندہ کرنے والے ڈیلرز اور کمپنیوں کے گرد گھیرا تنگ کیا جائے۔انہوں نے تمام شعبہ جات کے سربراہان کو سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے اور کاشتکاروں کی خوشحالی کے لئے عملی اقدامات بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کیں۔