کمشنر مسرت جبیں اور ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا مشترکہ دورہ

کمشنر بہاولپور ڈویژن نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین کے جانوروں کو ونڈا اور چارہ کی تقسیم کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔
کمشنر مسرت جبیں نے ہیڈ سائفن پر سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لیا اورحفاظتی اقدامات بارے بریفنگ لی
بہاول پور:3/ستمبر: کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ انہوں نے فلڈ ریلیف کیمپوں گورنمنٹ ہائی سکول اسرانی خیرپور ٹامیوالی، جمنیزیم خیرپورٹامیوالی، گورنمنٹ ایلیمنٹری اسکول حاجی غلام محمد کلیار سمہ سٹہ اور فلڈ ریلیف کیمپ گورنمنٹ ہائی سکول فتووالی کا معائنہ کیا۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں مقیم سیلاب متاثرین کو خوراک کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔فلڈ ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو ریسکیو 1122، محکمہ صحت او اور لائیو اسٹاک کی جانب سے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ فلڈ ریلیف کیمپوں میں متاثرہ افراد کو طبی امداد کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ان کے مال مویشیوں کے لیے ویٹرنری ادویات کی سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرین کے جانوروں کو ونڈا اور چارہ کی تقسیم کے عمل کا بھی معائنہ کیا۔ کمشنر بہاولپور مسرت جبیں نے فلڈ ریلیف کیمپوں میں مقیم خواتین اور بچوں سے ملاقات کی، ان کو تسلی دی اور انکا حوصلہ بلند کیا۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ہیڈ سائفن پر سیلاب کی صورت حال کا جائزہ لیا اورحفاظتی اقدامات بارے بریفنگ لی۔ اس موقع پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طیب سمیع خان،اسسٹنٹ کمشنر خیر پور ٹامیوالی شاہد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹری فشریز، وائلڈ لائف و جنگلات جنوبی پنجاب اشفاق احمد سیال اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ حکام کی جانب سے کمشنر کو سیلاب سے بچاو کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہیڈ گنڈا سنگھ پر پانی کا اخراج 2 لاکھ 69 ہزار کیوسک جبکہ ہیڈ سلیمانکی پر 1 لاکھ 22 ہزار کیوسک ہے اور ہیڈ اسلام پر 95 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کمشنر نے انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ سیلاب کے ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں کے مکینوں اور ان کے مال مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے۔