کمشنر مسرت جبیں کی زیر صدارت ڈویژنل کمیٹی برائے ”زیادہ گندم اگاؤ مہم“ 2025 ء کا اجلاس
ڈویژن بھر میں چھ لاکھ 81 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کی جا چکی ہے جبکہ ڈویژن کے تینوں اضلاع کا مجموعی ہدف 26 لاکھ 83 ہزار ایکڑ پر گندم کی فصل کاشت ہے
بہاول پور:6/ نومبر: کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں کی زیر صدارت ڈویژنل کمیٹی برائے ”زیادہ گندم اگاؤ مہم“ 2025 ء کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ڈاکٹر فرحان فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کیپٹن ریٹائرڈ طیب سمیع خان، ڈائریکٹر ایگری کلچر محمد جمیل غوری اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں بتایا گیا کہ ڈویژن بھر میں چھ لاکھ 81 ہزار ایکڑ پر گندم کاشت کی جا چکی ہے جبکہ حکومت پنجاب کی ہدایت کے مطابق ڈویژن کے تینوں اضلاع کا امسال مجموعی ہدف 26 لاکھ 83 ہزار ایکڑ پر گندم کی فصل کاشت ہے اورگندم کی بوائی تیزی سے جاری ہے۔
کمشنر بہاول پور نے ہدایت کی کہ ٹارگٹ کو ہر صورت میں مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ زراعت اور ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی فیلڈ ٹیمیں کاشتکاروں کو دہلیز پر خدمات فراہم کریں۔ انھوں نے کہا کہ اریگیشن ڈیپارٹمنٹ بغیر وارہ بندی کے ٹیل تک پانی کی رسائی کا بندوبست کرے تاکہ گندم کی کاشت بروقت کی جا سکے۔کمشنر مسرت جبیں نے اجلاس میں بتایاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کے لیے زیادہ گندم کاشت پر سہولیات کا اعلان کر دیا ہے۔ کاشتکاروں سے گندم کی فصل 3500 روپے فی من خریدنے کے لیے وفاقی حکومت نے گندم کی پالیسی کی منظوری دے دی ہے۔ علاوہ ازیں گندم کے تصدیق شدہ بیج کی قیمت 6500 روپے سے فی تھیلا سے کم کر کے 5500 روپے فی 50 کلو تھیلا کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کاشتکار اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے زیادہ پیداوار حاصل کرنے کے لیے منظور شدہ بیج کی اقسام کاشت کریں۔اجلاس میں بتایا گیا کہ بہاولپور ڈویژن میں ایک لاکھ 13 ہزار کسان کارڈ ایشو کیے جا چکے ہیں اور گندم کی کاشت کے لیے کاشتکاروں کو تین لاکھ روپے تک کا بلا سود قرض مہیا کیا جائے گا جس سے کاشتکار زرعی مداخل خرید کر سکیں گے۔ گندم کی زیادہ پیداوار لینے پر کاشکاروں کے لیے حکومت پنجاب کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلان کرے گی جس میں صوبائی سطح پر اور ضلع سطح پر انعامات دیے جائیں گے۔
اجلاس میں کاشت کاروں کو ہدایت کی گئی کہ گندم کی بوائی 30 نومبر تک ہر حال میں مکمل کریں اورسرکاری زمینوں پر گندم کی کاشت یقینی بنائی جائے۔ کمشنر بہاول پور نے ریونیو اور ایگریکلچر کی ٹیم کو ہدایت جاری کی کہ کاشتکاروں کو ان کی دہلیز پر پہنچ کر جدید ٹیکنالوجی سے روز شناس کروائیں۔ انہوں نے کہا کہ کھاد بیج کی قیمتیں اور معیار کو سختی سے چیک کیا جائے اور غیر قانونی عمل میں شامل ہونے والے کھاد دلوں پر زیرو ٹائلز پالیسی اختیار کی جائے۔ چیف منسٹر کے تمام پروگرام اور سکیموں کے بارے میں کاشتکاروں کو آگاہی فراہم کی جائے۔
٭٭٭

