ممکنہ خشک سالی سے نمٹنے کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر آفس میں اجلاس

چولستان میں پانی کی فراہمی اور ممکنہ خشک سالی اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا,ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے موجود صورتحال پر بریفنگ دی۔
بہاول پور:11/اپریل : وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ممکنہ خشک سالی سے نمٹنے کیلئے کیے گئے اقدامات کا جائزہ لینے کیلئے کمشنر آفس بہاولپور میں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں اور ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے شرکت کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق،ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی طارق محمودبخاری،محکمہ صحت،تعلیم، لائیو سٹاک،محکمہ آبپاشی، محکمہ زراعت، لوکل گورنمنٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ویڈیو لنک کے ذریعہ ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان خرم پرویز اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر ذوالفقار احمد بھون نے شرکت کی۔اجلاس میں چولستان میں پانی کی فراہمی اور ممکنہ خشک سالی اور ہیٹ ویو سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ایم ڈی چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے خشک سالی اور پانی کی فراہمی بارے موجود صورتحال پر بریفنگ دی۔
ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ چولستان میں ممکنہ خشک سالی سے بچاؤ کے لیے واٹر باؤزرز اور جیری کین مہیاء کر دیے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے 2000جیری کین اور 10 واٹر باؤزرز فراہم کئے گئے ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہا کہ 4 واٹر باؤزرز 12500 لٹر پانی جبکہ 6 واٹر باؤزرز 5000 لٹر پانی سٹور کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہیٹ ویو اور دھوپ سے بچاؤ کیلئے چھتریاں بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز موجودہ صورتحال میں الرٹ رہیں۔انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق چولستان کے باسیوں کو تمام ممکنہ معاونت فراہم کی جائے۔ بعد ازاں ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے فرید گیٹ پر قائم آگاہی کیمپ کا معائنہ کیا۔لوگوں میں چھتریاں اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کئے۔اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پنجاب کے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ انہوں نے شہریوں سے التماس کی کہ دھوپ و ہیٹ ویو میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں۔انہوں نے نے کہا کہ متعلقہ محکمے باہمی تعاون سے ممکنہ خشک سالی سے نمٹ سکتے ہیں۔ انہوں نے عوام الناس سے کہا کہ پانی کو ہر گز ضائع مت کریں۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں میں ممکنہ خشک سالی اور ہیٹ ویو سے بچاؤ کیلئے آگاہی مہم بھی شروع کی جا رہی ہے۔