تعلیمی بورڈ بہاول پور: امتحان میٹرک پہلا سالانہ 2025ء کے نتائج کا باضابطہ اعلان
ممبر قومی اسمبلی محمداقبال چنڑ اور کمشنر مسرت جبیں بطور مہمانان خصوصی شریک ہوئے پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں میڈلز، کیش پرائز اور اسناد تقسیم کی گئیں
میٹرک سالانہ امتحان 2025ء میں مجموعی طور پر 90493اُمیدواران شریک ہوئے جبکہ 62860اُمیدواران نے کامیابی حاصل کی،نتیجہ کا تناسب 69.46فیصد رہا
بہاول پور: 24/جولائی :تعلیمی بورڈ بہاول پور کے زیر اہتمام منعقدہ میٹرک پہلا سالانہ امتحان 2025 کے نتائج کا اعلان کردیا گیا۔ اس موقع پر پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں ممبر قومی اسمبلی ملک محمداقبال چنڑ اور کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں مہمانان خصوصی تھے۔کنٹرولر امتحانات اسماء قاسم اور سیکرٹری بورڈ ظہور احمد چوہان بھی تقریب میں موجود تھے۔
تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی ملک محمداقبال چنٹر نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ہم کامیاب ستاروں کے درمیان موجود ہیں۔ انہوں نے کہا اس تقریب کے مہمانان خصوصی طلبا اور طالبات ہیں جنہوں نے دن رات محنت سے پوزیشنز لی اور اپنا اپنے والدین سمیت اپنے اداراہ کا نام روشن کیا۔تقریب کے دوران ہی تمام پوزیشن ہولڈرز طلبا اور طالبات کوسٹیج پر بٹھا دیا گیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں نے اپنے خطاب میں پوزیشن ہولڈرز طلبا اور طالبات ان کے والدین اور اساتذہ کرام کو مبارکباددی۔ انہوں نے کہا کہ تمام پوزیشن ہولڈرز طلبا اور طالبات ہمارے ملک اور قوم کا سرمایہ ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ یہ طلبا اور طالبات اسی لگن اور محنت سے اپنی تعلیم جاری رکھیں گے تا کہ ملک اور قوم کی خدمت کر سکیں۔ قبل ازیں کمشنر بہاول پور ڈویژن / چیئرپرسن بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن مسرت جبیں نے بٹن دبا کر باضابطہ طورپر نتائج کا اعلان کیا۔
میٹرک سالانہ امتحان 2025ء میں مجموعی طور پر 90493اُمیدواران شریک ہوئے جبکہ 62860اُمیدواران نے کامیابی حاصل کی،نتیجہ کا تناسب 69.46فیصد رہا۔ تقریب میں سیکر ٹری بورڈ ظہور احمد چوہان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا۔ تقریب کے اختتام پر پوزیشن ہولڈرز طلبا و طالبات میں میڈلز، کیش پرائز اور اسناد تقسیم کی گئیں۔اس موقع پر پوزیشن ہولڈر طلبا وطالبات کو شاندار گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

