اسلامیہ یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق کو مقامی کمیونٹیز کی بھلائی اور بہتری کے لیئے استعمال ہونا چاہیے کمشنر مسرت جبین
کمشنر بہاول پور ڈویژن کی چیئرمین شعبہ سوشل ورک پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھااور ڈائریکٹر تعلقات عامہ ڈاکٹر شہزاد احمد خالد سے گفتگو
پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نےس موقع پر کمشنر بہاول پور کی ہدایت پر گزشتہ برس چولستان جیپ ریلی بہاول پور کے سماجی و معاشی اثرات پر کئے گئے سروے کی رپورٹ پیش کی
بہاولپور : کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبین نے کہا ہے کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور اعلیٰ تعلیم اور تحقیق کے ذریعے علاقے کی سماجی اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ یونیورسٹی میں ہونے والی تحقیق کو مقامی کمیونٹیز کی بھلائی اور بہتری کے لیئے استعمال ہونا چاہیے۔ کمشنر بہاول پور نے اس بات کا اظہار چیئرمین شعبہ سوشل ورک پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھااور ڈائریکٹر تعلقات عامہ ڈاکٹر شہزاد احمد خالد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر آصف نوید رانجھا نے کمشنر بہاول پور کی ہدایت پر گزشتہ برس چولستان جیپ ریلی بہاول پور کے سماجی و معاشی اثرات پر کئے گئے سروے کی رپورٹ پیش کی۔
شعبہ سوشل ورک کی جانب سے چولستان جیپ ریلی 2025 میں کیے گئے اس سروے میں مقامی کمیونٹی اور سیاحوں سے کی گئی تحقیق کا جا ئزہ پیش کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جیپ ریلی مقامی کمیونٹی کےلیے مختصر عرصہ کے لیے روزگار کے ذرائع پیدا کرکے آمدنی میں وقتی اضافے کا باعث بنتی ہے۔ جیپ ریلی سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنےمیں کردار ادا کرتی ہے۔ جیپ ریلی کے سماجی اور معاشی اثرات کو پائیدار بنانے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں جیپ ریلی کے ماحولیاتی اثرات کابھی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر بہاول پور نے رپورٹ کو مفید قرار دیتے ہوئے متعلقہ اداروں کو بھیجنےکی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ جیپ ریلی کے موقع پر ریسرچ کے موضوعات کو بڑھاتے ہوئے مقامی کمیونٹی خاص طور پر خواتین کی بہبود اور دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے تاکہ اس سیاحتی ایونٹ کو چولستان کے مکینوں کی بہتری اور ترقی کے لیے زیادہ موثر بنایا جا سکے۔ کمشنر بہاول پور نے تحقیقی کام کو سرانجام دینے میں خصوصی تعاون پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کامران کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور ریسرچ ٹیم کی کارکردگی کو سراہا

