پرنس بہاول عباسی کی تحریک پر کمشنر مسّرت جبین کا کچی شکرانی اور بلا جھلن کا دورہ، سیلاب متاثرین میں 60 خیموں کی تقسیم

پرنس بہاول عباس خان عباسی نے کمشنر کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے سیلاب متاثرین کے لئے خیموں کی فراہمی , ان کے راشن میں اضافے ،مویشیوں کیلئے چارہ کی فراہمی اور سیلاب زدہ علاقوں میں چوری کی وارداتوں کے سدباب کے لیے پولیس کی پیٹرولنگ کرانے کے سیلاب زدگان کے مطالبات سے اُنہیں آگاہ کیا
متاثرہ خاندان انتظامیہ کے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، انہیں روزانہ معیاری کھانے، صاف پانی، بیت الخلاء کی سہولیات اور بچوں کی تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ مزید برآں، مویشیوں اور صحت عامہ کے لیے بھی خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی کمشنر بہاولپور ڈویژن مسّرت جبین
اوچ شریف ( ارشاد احمد شاد کرائم رپورٹر) بہاولپور ڈویژن میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیوں میں تیزی آگئی ہے۔ پرنس بہاول عباس خان عباسی کی تحریک پر کمشنر بہاولپور ڈویژن مسّرت جبین نے سیلاب زدہ علاقے کچی شکرانی،بلا جھلن اور رسول پور کا دورہ کیا، جہاں متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کا براہ راست جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر بہاولپور ڈاکٹر فرحان فاروق اور اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ محمد نوید حیدر بھی موجود تھے۔
کمشنر مسّرت جبین نے کچّی شکرانی اور بلا جھلن میں متاثرین کے لیے 60 اعلیٰ معیار کے خیمے تقسیم کیے اور مزید امدادی سامان کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے متاثرین سے ملاقات کے دوران کہا کہ متاثرہ خاندان انتظامیہ کے خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، انہیں روزانہ معیاری کھانے، صاف پانی، بیت الخلاء کی سہولیات اور بچوں کی تعلیم کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ مزید برآں، مویشیوں اور صحت عامہ کے لیے بھی خصوصی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی۔ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فرحان فاروق کے مطابق ریسکیو 1122 کی ٹیمیں مسلسل الرٹ پر ہیں جبکہ بوٹنگ پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت انخلاء ممکن بنایا جا سکے۔
قبل ازیں پرنس بہاول عباس خان عباسی نے کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبین کی آمد پر انکی توجہ موضع کچی شکرانی،بلا جھلن اور دیگر سیلاب زدہ مواضعات میں سیلاب زدگان کی عارضی رہائش کے لیے خیموں کی کمی، اور اُنکی خوراک میں اضافہ نیز جانوروں کے لیے چارہ کی فراہمی اور سیلاب زدہ علاقوں میں چوری کی وارداتوں کے سدباب کے لیے پولیس کی پٹرولنگ بڑھانے جیسے سیلاب زدگان کے مطالبات پیش کیے جس پر کمشنر بہاولپور نے موقع پر 60 خیمے مہیا کر دیے جبکہ مزید خیموں کی فراہمی راشن میں اضافہ اور جانوروں کے لیے چارے کی فراہمی کے بھی انتظامات کرنے کی یقین دہانی کرائی-
پرنس بہاول عباس خان عباسی نے کمشنر کی سیلاب زدہ علاقوں میں آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب نے درجنوں دیہات کو تباہ کر دیا ہے مگر انتظامیہ کی فوری کاوشیں متاثرین کے لیے امید کی کرن ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بحالی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے وسائل میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ خیال رہے کہ یہ دورہ بہاولپور ڈویژن میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور ریلیف کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے متاثرہ خاندانوں میں نئی امید پیدا ہوئی ہے