Advertisements

کمشنر مسرت جبیں اور ریجنل پولیس آفیسر غازی صلاح الدین کا قلعہ دراوڑ کا دورہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے انتظامات کا جائزہ لیا

Commissioner Musarrat Jabeen and RPO Ghazi Salahuddin Visit Derawar Fort, Review Arrangements for Cholistan Desert Rally
Advertisements

ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے دلوش اسٹیڈیم میں صفائی، سہولیات کی فراہمی، اسٹیج، فوڈ کورٹ اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی
بہاول پور: کمشنر بہاول پور ڈویژن مسرت جبیں اور ریجنل پولیس آفیسربہاول پور غازی صلاح الدین نے قلعہ دراوڑ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے 21ویں ٹی ڈی سی پی انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی 2026 کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چولستان ڈیزرٹ ریلی کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہیں جو 11 سے 15 فروری 2026 تک منعقد ہوگی۔

کمشنر بہاولپور ڈویژن مسرت جبیں نے ریلی کے روٹس، دلوش اسٹیڈیم قلعہ دراوڑ، شرکاء اور شائقین کے لیے کیے گئے انتظامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو نظم و ضبط، عوامی سہولیات اور فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔

Advertisements

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے دلوش اسٹیڈیم میں صفائی، سہولیات کی فراہمی، اسٹیج، فوڈ کورٹ اور دیگر انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر بہاول پور مسرت جبیں نے کہا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی نہ صرف علاقائی سیاحت کے فروغ کا باعث ہے بلکہ اس سے چولستانی ثقافت اور تاریخی ورثے کو اجاگر کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریلی کے دوران ثقافتی پروگرامز منعقد کیے جائیں گے جبکہ جام گڑھ فورٹ پر بھی خصوصی انتظامات اور تقریب کے انعقاد کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور غازی صلاح الدین نے بتایا کہ غیر ملکی ریسرز اور شرکاء کے لیے فول پروف سکیورٹی پلان ترتیب دے دیا گیا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے تمام ادارے الرٹ ہوں گے اور سکیورٹی پلان بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دیا گیا ہے۔ ریلی کے دوران پولیس کیمپس اور کنٹرول روم قائم کیے جائیں گے جبکہ مسلسل پولیس پیٹرولنگ بھی کی جائے گی۔

کمشنر بہاولپور مسرت جبیں نے مزید بتایا کہ ڈیزرٹ ریلی کے دوران موبائل فیلڈ ہسپتال قائم کیا جائے گا جبکہ ریسکیو ایمرجنسی پلان کے تحت 4×4 ایمبولینسز تعینات ہوں گی۔ عوامی سہولت کے لیے پبلک واش رومز قائم کیے جائیں گے اور فوڈ کورٹ کے قیام و معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نگرانی کرے گی۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ریلی کے دوران سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ اور ایمرجنسی رسپانس کے جامع انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ شرکاء اور عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔دورے کے موقع پر ڈی پی او بہاولپور رانا عبدالواہاب، اسسٹنٹ کمشنر احمدپور شرقیہ نوید حیدر، ٹی ڈی سی پی کے نمائندگان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔