کمشنرعرفان علی کاٹھیا کا چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں کامیاب کسانوں میں پے آرڈرز تقسیم کاونٹر کا معائنہ
الاٹ شدہ اراضی کو قابلِ کاشت بنانے کے لیے 50 ہزار روپے فی ایکڑ مالی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہےاہل کسانوں کا انتخاب میرٹ اور شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا کمشنر بہاولپور
بہاول پور:کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ کسان دوست پالیسی کے تحت ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے، جس کے تحت بہاولپور میں شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب قرار پانے والے اہل کسانوں میں زرعی اراضی کی الاٹمنٹ کے پے آرڈرز تقسیم کیے جا رہے ہیں ۔ اس سلسلے میں چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے دفتر میں منعقدہ تقریب کے دوران کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کامیاب کسانوں میں پے آرڈرز تقسیم کاونٹر کا معائنہ کیا۔ تقریب میں منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی شاہد حسن کلیانی، ڈائریکٹر زراعت جمیل احمد غوری، اسسٹنٹ کمشنر بہاولپور سٹی اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ کسانوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔
اس موقع پر کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کسان دوست پالیسیاں زرعی ترقی، خوشحالی اور دیہی معیشت کے استحکام کی ضمانت ہیں ۔ ”اپنا کھیت، اپنا روزگار“ پروگرام حکومت پنجاب کا ایک اہم فلاحی اقدام ہے، جس کا مقصد مستحق اور اہل کسانوں کو زرعی اراضی فراہم کرکے انہیں باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے الاٹ شدہ اراضی کو قابلِ کاشت بنانے کے لیے 50 ہزار روپے فی ایکڑ مالی معاونت بھی فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ جدید زرعی ٹیکنالوجی، سہولیات اور وسائل عام کسان تک پہنچانے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اہل کسانوں کا انتخاب میرٹ اور شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کیا گیا ہے، جو حکومت کی شفافیت اور کسان دوست پالیسیوں کا واضح مظہر ہے۔
کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ اس پروگرام سے نہ صرف زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ کسانوں کی آمدنی بہتر بنانے، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور دیہی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی مدد ملے گی۔تقریب میں کامیاب کسانوں نے پے آرڈرز کے حصول پر وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس پروگرام کو مستحق خاندانوں کے لیے ایک اہم اور مثبت اقدام قرار دیا اور زرعی ترقی و کسانوں کی خوشحالی کے لیے مزید اقدامات کی امید کا اظہار کیا۔

