کمشنر عرفان علی کاٹھیا کا 50 بستروں پر مشتمل مجوزہ برن یونٹ کی سائٹ کا افتتاح ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری سے ملحقہ مختص اراضی کا معائنہ
مجوزہ برن یونٹ 44 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا جبکہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر ایک ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے لیے 25 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں اور اسے تین سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا کمشنر بہاولپور کو بریفنگ
دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر تنویر احمد شاہ، پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ، معروف پلاسٹک سرجن ڈاکٹر مغیث امین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صادق عباسی ہسپتال ڈاکٹر محمد حامد خان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولپور ڈاکٹر ذیشان رؤف سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے
بہاول پور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن”صحت مند پنجاب“ کے تحت کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے 50 بستروں پر مشتمل مجوزہ برن یونٹ کی سائٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے سول ہسپتال روڈ پر واقع ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹری بہاولپور سے ملحقہ مختص اراضی کا معائنہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر تنویر احمد شاہ، پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج بہاولپور پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ، معروف پلاسٹک سرجن ڈاکٹر مغیث امین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ صادق عباسی ہسپتال ڈاکٹر محمد حامد خان اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بہاولپور ڈاکٹر ذیشان رؤف سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
کمشنر بہاولپور کو متعلقہ حکام کی جانب سے منصوبے کی مجموعی لاگت، مدتِ تکمیل اور تکنیکی امور کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ مجوزہ برن یونٹ 44 کنال اراضی پر تعمیر کیا جائے گا جبکہ اس منصوبے پر مجموعی طور پر ایک ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ منصوبے کے لیے 25 کروڑ روپے جاری کیے جا چکے ہیں اور اسے تین سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر عوام کے دیرینہ مطالبے کو مدنظر رکھتے ہوئے برن یونٹ کے قیام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے بہاولپور ڈویژن اور ملحقہ اضلاع کے عوام کو جدید اور معیاری طبی سہولیات مقامی سطح پر میسر آئیں گی۔ جلنے اور جھلسنے کے مریضوں کو علاج معالجے کے لیے دیگر بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ قیمتی جانوں کو بھی محفوظ بنایا جا سکے گا۔
کمشنر بہاولپور نے متعلقہ اداروں کو سختی سے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے اور تعمیراتی کام کے دوران معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ برن یونٹ کی تعمیر خطے میں صحت عامہ کے نظام کو مزید مستحکم بنانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ منصوبے کو جلد از جلد پایہء تکمیل تک پہنچایا جائے گا تاکہ برن یونٹ بہاولپور ریجن میں جدید طبی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے ایک نمایاں اضافہ ثابت ہو اور شہریوں کو معیاری علاج ان کے اپنے شہر میں دستیاب ہو سکے۔

