کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے بہاولپور ڈویژن کے 16 گرداوروں کو نائب تحصیلدار کے عہدے پر ترقی ملنے پر پروموشن لیٹرز اور تقرر نامے تقسیم کر دیے
بہاول پور:کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے بہاولپور ڈویژن کے 16 گرداوروں کو نائب تحصیلدار کے عہدے پر ترقی ملنے پر پروموشن لیٹرز اور تقرر نامے تقسیم کر دیے۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ترقی پانے والے افسران کو مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا اعتراف کسی بھی ادارے کی ترقی اور کامیابی کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جاتی ترقی نہ صرف ملازمین کی حوصلہ افزائی کا باعث بنتی ہے بلکہ ادارہ جاتی کارکردگی میں بہتری اور عوامی خدمات کے معیار کو بلند کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔
انہوں نے ترقی پانے والے افسران پر زور دیا کہ وہ اپنی نئی ذمہ داریوں کو فرض شناسی، دیانت داری اور بھرپور لگن کے ساتھ انجام دیں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ کمشنر بہاولپور نے کہا کہ سرکاری امور کی بروقت انجام دہی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے، اس لیے تمام افسران کو عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہئیں۔
کمشنر بہاولپور نے مزید کہا کہ ریونیو نظام میں بہتری اور انتظامی امور کی مؤثر انجام دہی کے لیے اہل اور باصلاحیت افسران کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ترقی پانے والے افسران اپنی پیشہ ورانہ مہارت اور تجربے سے محکمانہ امور میں مزید بہتری لائیں گے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں نمایاں کردار ادا کریں گے۔اس موقع پر ترقی پانے والے افسران نے کمشنر بہاولپور ڈویژن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اعتماد کو اپنے لیے اعزاز قرار دیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مزید محنت، ذمہ داری اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں گے اور عوامی خدمت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے۔تقریب کے اختتام پر کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ بہاولپور ڈویژن میں ریونیو افسران کی ترقی انتظامی امور میں بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے مثبت اثرات عوامی خدمات اور شفاف محکمانہ نظام کی صورت میں سامنے آئیں گے

