کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیرِ صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس
اجلاس میں بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے لیے مجموعی طور پر 824.38ملین روپے مالیت کی چار ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی
بہاول پور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا کی زیرِ صدارت ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں بہاولپور، بہاولنگر اور رحیم یار خان کے لیے مجموعی طور پر 824.38ملین روپے مالیت کی چار ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی گئی
۔اجلاس میں کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بذریعہ ویڈیو لنک بریفنگ لی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا، ایس ای ہائی ویز راؤ دلشاد، ایم ڈی واسا امجد علی، ایکسین بلڈنگ بہاولپور عمران نذیر، ایکسین ہائی ویز بہاولپور فرید انور، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل وقاص محمد دین، ایس ای ایریگیشن سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی، جبکہ ڈپٹی کمشنر رحیم یار خان ظہیر انور جپہ اور ڈپٹی کمشنر بہاولنگر سید محمد عباس شاہ نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں بہاولپور شہر میں لائبریری چوک سے ختمِ نبوت چوک تک1.2 کلومیٹر طویل سڑک کی بحالی کی منظوری دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ مذکورہ سڑک شہر کے گنجان آباد رہائشی اور تجارتی مراکز کو آپس میں ملاتی ہے، جبکہ سڑک کی بحالی سے جوڈیشل و انتظامی دفاتر اور بہاول وکٹوریہ ہسپتال تک شہریوں کی رسائی مزید آسان ہوگی۔بہاولنگر میں ڈسٹرکٹ کونسل کی سکیم کے تحت عارف والا روڈ سے بائی پاس ملتانی چوک براستہ بستی حافظ آباد، بستی جاٹووالا اور لنک چشتیاں چنگی روڈ سمیت خالد مقبول پارک روڈ کی بحالی، دوبارہ تعمیر اور کشادگی کی بھی منظوری دی گئی۔ اس منصوبے کی مجموعی لمبائی5.40 کلومیٹر ہے اور بریفنگ کے مطابق یہ سڑک چشتیاں روڈ سے عارف والا روڈ تک متبادل بائی پاس کے طور پر اہم کردار ادا کرے گی۔
اجلاس میں تحصیل ہارون آباد کے علاقے فقیر والی میں سیوریج سسٹم کی فراہمی اور نئے پارک کی تعمیر کی سکیم بھی منظور کی گئی، جس سے مقامی آبادی کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی اور بہتر تفریحی ماحول میسر آئے گا۔رحیم یار خان میں ڈسٹرکٹ کونسل کے تحت اڈا شیدانی سے چانڈنی چوک، ٹاؤن شیدانی شریف، تحصیل لیاقت پور تک2.10 کلومیٹر طویل کارپٹ روڈ کی دوبارہ تعمیر، ٹف ٹائلز کی تنصیب اور سیوریج لائن بچھانے کے منصوبے کی منظوری دی گئی۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں فنڈز کا شفاف اور مؤثر استعمال، اعلیٰ معیار کے تعمیراتی کام اور مقررہ مدت کے اندر منصوبوں کی تکمیل ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے ساتھ تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔کمشنر بہاولپور ڈویژن نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ویژن کے مطابق ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو بہتر سفری، سیوریج اور دیگر بنیادی سہولیات میسر آئیں گی اور عوام ان منصوبوں سے مستفید ہو سکیں گے۔

