کمشنرعرفان علی کاٹھیا کا ڈپٹی کمشنر سید حسن رضا کے ہمراہ چولستان کے دور افتادہ علاقے کالے پاڑ کا ہنگامی دورہ
ہیٹ ویو کے پیش نظر قائم ریلیف کیمپ کا تفصیلی معائنہ کیا اور چولستانی عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
کمشنر نے ریلیف کیمپ میں پینے کے صاف اور میٹھے پانی، سایہ دار آرام گاہوں، طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی حاضری، ابتدائی طبی امداد اور دیگر بنیادی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔
بہاول پور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق شدید گرمی اور ہیٹ ویو کے دوران چولستان کے مکینوں کو صاف، ستھرا اور میٹھا پانی فراہم کرنے کے لیے حکومت پنجاب کے اقدامات بھرپور انداز سے جاری ہیں۔ چولستان کے دور افتادہ علاقوں میں انسانی آبادی اور مویشیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے فور ویل ٹینکرز اور واٹر باؤزرز کے ذریعے چولستانی ٹوبوں میں پانی ذخیرہ کیا جا رہا ہے تاکہ ہر بستی تک بروقت پانی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ اسی سلسلے میں کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا کے ہمراہ چولستان کے دور افتادہ علاقے کالے پاڑ کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہیٹ ویو کے پیش نظر قائم ریلیف کیمپ کا تفصیلی معائنہ کیا اور چولستانی عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن نے ریلیف کیمپ میں پینے کے صاف اور میٹھے پانی، سایہ دار آرام گاہوں، طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی، طبی عملے کی حاضری، ابتدائی طبی امداد اور دیگر بنیادی انتظامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود افسران کو ہدایت کی کہ شدید گرمی کی موجودہ لہر کے دوران چولستان کے دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جائے اور کسی بھی مقام پر صاف پانی، ادویات یا دیگر بنیادی سہولیات کی کمی ہرگز نہ آنے دی جائے۔
دورے کے موقع پر ترقیاتی ادارہ چولستان کے حکام نے کمشنر بہاولپور ڈویژن کو چولستانی آبادی کو صاف اور میٹھے پانی کی فراہمی کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق مختلف واٹر سپلائی پوائنٹس، واٹر ٹینکرز اور باؤزرز کے ذریعے دور افتادہ آبادیوں اور ٹوبوں تک مسلسل پانی پہنچایا جا رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پانی کی فراہمی کے پورے نظام کی باقاعدہ نگرانی بھی کی جا رہی ہے تاکہ ہیٹ ویو کے دوران کسی بھی علاقے میں پانی کی قلت پیدا نہ ہو اور عوام کو کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کمشنر بہاولپور ڈویژن عرفان علی کاٹھیا نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کے مطابق چولستان کے عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدید موسمی حالات کے باوجود ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے پوری ذمہ داری کے ساتھ فیلڈ میں موجود ہیں اور عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ پانی کی فراہمی، طبی امداد، ہیٹ ویو ریلیف کیمپس اور دیگر ضروری سہولیات کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ تمام فیلڈ افسران مسلسل علاقوں کا دورہ کریں، پانی کی ترسیل کے عمل کی نگرانی کریں اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری کارروائی کو یقینی بنائیں تاکہ چولستان کے مکینوں کو بروقت ریلیف میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر بہاولپور سید حسن رضا نے بھی ہیٹ ویو کیمپس میں کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ چولستان کے تمام ریلیف کیمپس میں بہترین سہولیات کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ صاف اور میٹھے پانی کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ شدید گرمی کے موسم میں چولستانی بھائیوں اور ان کے مویشیوں کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے پانی کی فراہمی اور دیگر امدادی اقدامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جائے تاکہ کسی بھی علاقے میں عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

