کمشنر راجہ جہانگیر انور اور ایم پی اے سمیع اللہ چوہدری کا رات گئے اسلامی کالونی کا اچانک دورہ
بہاول پور:9/ نومبر( )سابق صوبائی وزیر و ایم پی اے سمیع اللہ چوہدری نے کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انورکے ہمراہ رات گئے اسلامی کالونی کا اچانک دورہ کیا اور سیوریج سسٹم کی بحالی کے حوالہ سے جاری تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد آصف، ایکسئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ محمد صدیق،ایم ڈی بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی محمد نعیم اختر، رہنما پاکستان تحریک انصاف طاہر محمود جانباز، قیوم اعظم خان،اہل علاقہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ سابق صوبائی وزیر و ایم پی اے سمیع اللہ چوہدری نے عمائدین علاقہ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سیوریج کے نظام کو درست کرنے کے لئے میونسپل کارپوریشن اور دیگر متعلقہ انتظامی محکموں کے افسران و سٹاف دن رات فیلڈ میں متحرک ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیوریج سسٹم کی بحالی کے حوالہ سے کام جاری ہیں جنہیں جلدازجلد پایہ تکمیل تک پہنچا کر عوام کو سیوریج کے حوالہ سے درپیش مشکلات کا ازالہ کر دیا جائے گا۔کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے بتایا کہ سیوریج سسٹم کی بحالی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام جاری ہے۔دریں اثناء ایم پی اے سمیع اللہ چوہدری نے متعلقہ افسران سے سیوریج سسٹم کی بحالی کے حوالے سے جاری تعمیراتی کاموں بارے تفصیلی بریفنگ لی۔انہوں نے ہدایت کی کہ انتظامی افسران سیوریج سسٹم کی بحالی کے حوالہ سے جاری تعمیراتی کاموں کی مسلسل مانیٹرنگ کریں تاکہ انہیں بروقت مکمل کیا جا سکے۔انہوں نے ہدایت کی کہ جدید مشینری کے استعمال سمیت افرادی قوت میں بھی اضافہ کیا جائے اور سیوریج سسٹم کو جلد از جلد فعال کر کے سڑک کو بحال کرایا جائے۔