Contact Us

کمشنر راجہ جہانگیر انور کا انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب

commissioner-bahawalpur-speech-at-international-literacy-day

بہاول پور:02/ ستمبر  کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے کہا ہے کہ وطن عزیز کو ترقی یافتہ اور خوشحال بنانے کے لیے بچوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ناگزیر ہے۔ غیر رسمی اداروں کے سربراہان، اساتذہ کرام اور انتظامی افسران مبارکباد کے مستحق ہیں جو جذبہ حب الوطنی کے تحت جوش و جذبہ سے ایسے بچوں کے لئے تعلیم کا حصول ممکن بنا رہے ہیں جو کسی بھی وجہ سے سکول نہیں جاسکتے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری سکول سیٹلائٹ ٹاؤن بہاول پور کے زیر اہتمام انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔تقریب میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ،چیف ایگزیکٹیو آفیسر تعلیم ظہور احمد چوہان، ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد اطہر، ڈسٹرکٹ آفیسر لٹریسی زاہد نذیر، اساتذہ کرام اور طلباء وطالبات موجود تھے۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ کوئی بھی ملک سو فیصد خواندگی کی شرح کو یقینی بنائے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا۔ حکومت پنجاب نے شرح خواندگی میں خاطر خواہ اضافہ کے لئے لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن کا محکمہ بنایا اور حکومت پنجاب کے اس احسن اقدام کی بدولت آج لٹریسی اینڈ نارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ حکومت پنجاب کے زیر اہتمام بہاول پور ڈویژن میں 1371غیر رسمی سکول قائم ہیں جہاں 49ہزار سے زائد بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہو رہے ہیں۔ راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ غیر رسمی سکولوں کے اساتذہ کرام طلبا وطالبات کو علم کی روشنی سے منور کر رہے ہیں جو کہ جہالت کے خلاف جہاد ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ والدین اپنے بچوں کو تعلیم کی طرف راغب کریں اور ان کے لئے تعلیم کا حصول ممکن بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سکولوں سے باہر بچوں کو تعلیم دلوانا بہت ضروری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایسے بچے جو کسی بھی وجہ سے سکول میں تعلیم حاصل نہیں کرپارہے انہیں تعلیم دلانے میں ہم سب کو اپنی قومی ذمہ داری ادا کرنا ہو گی۔زاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ غیر رسمی سکولوں کے اساتذہ کرام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔بلاشبہ غیر رسمی سکولوں میں تعلیم فراہم کرنے والے اساتذہ کرام کی خدمات قابل تحسین ہیں۔ ڈپٹی کمشنرزاہد پرویز وڑائچ نے کہا کہ اساتذہ کرام اسی جوش وجذبہ سے کام جاری رکھیں۔سی ای او ایجوکیشن ظہور احمد چوہان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لٹریسی اینڈ نان فارمل بیسک ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تحت غیررسمی سکولوں سے طلبا و طالبات کو کوالٹی ایجوکیشن دی جا رہی ہے۔ ڈی او لٹریسی زاہد نذیر نے کہا کہ ضلع بھر میں 445 غیر رسمی سکولوں میں 16000 طلبا و طالبات کو زیور تعلیم سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیررسمی سکولوں میں طلبا و طالبات کو تعلیم کے ساتھ ساتھ درسی کتب، سکول بیگز اور دیگر تعلیمی سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔ماہر تعلیم پروفیسر ڈاکٹر حافظ محمد اطہر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت و افادیت سے آگاہ کیا اور تعلیم کے فروغ میں غیر رسمی سکولوں کے کردار کی تعریف کی۔دریں اثناء انٹرنیشنل لٹریسی ڈے کے حوالہ سے منعقدہ تقریب میں شاندار تعلیمی نتائج حاصل کرنے والے طلبا و طالبات اور ان کے اساتذہ کرام کوتعریفی اسناد دی گئیں۔ تقریب میں ٹبی صادق آباد ضلع بہاول پور کے غیر رسمی سکولوں کی طالبات نے شاندار انداز میں ٹیبلوز پیش کیے۔تقریب کی نظامت کے فرائض شکیل الرحمن نے خوبصورت انداز میں انجام دیے۔

مزید پڑھیں