بہاول پور:5/دسمبر کمشنر بہاول پور ڈویژن راجہ جہانگیر انور نے ڈپٹی کمشنر بہاول پور زاہد پرویز وڑائچ کے ہمراہ ڈرنگ اسٹیڈیم میں نئے کرکٹ پویلین کے تعمیراتی کام کا افتتاح کیاجس پر 89.96 ملین روپے لاگت آئے گی۔اس موقع پر ڈویژنل سپورٹس آفیسر مقصودالحسن جاوید، ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر عامر حمید، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس وقاص محمد دین اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور ڈرنگ اسٹیڈیم میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کرکٹ گراؤنڈ و پویلین، انٹرنیشنل سطح کا ڈیجیٹل سکور بورڈ، فلڈ لائٹس اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پویلین کی تعمیر میں علاقائی ثقافت اور فنِ تعمیر کو مدنظر رکھا جائے گا اور جدید سہولیات سے مزین سٹیڈیم کو جلد عالمی سطح کے مقابلوں کے لیے فنگشنل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا بہاول پور کرکٹ سٹیڈیم کی تاریخی اہمیت ہے کیونکہ قیامِ پاکستان کے بعد پہلا انٹرنیشنل سطح کا کرکٹ میچ انگلینڈ اور پاکستان کی ٹیموں کے مابین یہیں پر ہوا تھا۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو صحت مند سرگرمیوں اور کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور نوجوان نسل کو مستقبل کے چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے ان کی قائدانہ صلاحیتیں نکھارنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔