بہاول پور:5/ اپریل :کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ سے تفریحی سہولیات میں اضافہ کیا جائے گا اور پبلک پارکس کو مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات سمیت تاریخی عمارات کی تزئین و آرائش اور ازسرِ نو لائٹننگ کے ذریعے مزید خوبصورت بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخاں شکیل احمد بھٹی، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون، منیجنگ ڈائریکٹر چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی مہر خالد احمد، ایڈیشنل کمشنر رابطہ آفتاب احمد، ڈی جی پی ایچ اے روبینہ اقبال عباسی، ایم ڈی بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر اور دیگر متعلقہ افسران شریک تھے۔ کمشنر ڈاکٹر احتشام انورنے کہا کہ تینوں اضلاع کو خوبصورت اور سرسبز و شاداب بنانے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ شہریوں میں صحت و صفائی کے رحجانات کے فروغ کے لیے بھرپور آگاہی مہم چلائی جائے گی۔کمشنربہاو ل پور ڈویژن نے کہا کہ ٹریفک سگنلز کو فعال بنایا جائے گا اور ٹریفک کے مسائل کو حتی المقدور کم کرنے کے لیے منصوبہ بندی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے پارکس اور کھیل کے میدانوں کو سہولیات سے مزین کرکے مزید پرکشش کیا جائے گا۔ کمشنر بہاول پور ڈویڑن نے تاجروں اور سول سوسائٹی کے تعاون سے تجاوزات کو ختم کرنے کے لیے بھرپور مہم شروع کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے اپنے متعلقہ ضلع میں ہونے والے ترقیاتی کاموں پر بھی بریفنگ دی۔