اوچ شریف کی بیٹی غوثیہ فاطمہ کو کمشنر بہاولپور نے نقد انعام اور قیمتی تحائف سے نواز دیا
غوثیہ فاطمہ پولیس اہلکار عبدالرزاق کی صاحبزادی ہیں، جنہوں نے کم عمری ہی میں کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا
انہوں نے اولمپکس، جونیئر ایشین، انٹرنیشنل، پنجاب اور آل پاکستان سطح کے مختلف آفیشل تائیکوانڈو ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد گولڈ میڈلز حاصل کیے
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) اوچ شریف کی ہونہار اور کم عمر تائیکوانڈو کھلاڑی غوثیہ فاطمہ نے اپنی غیر معمولی صلاحیتوں، شبانہ روز محنت اور بے مثال عزم سے قومی و بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں کے جھنڈے گاڑ کر اپنے شہر، والدین اور ملک و قوم کا نام روشن کر دیا۔ مختلف آفیشل تائیکوانڈو مقابلوں میں متعدد گولڈ میڈلز حاصل کرنے والی غوثیہ فاطمہ کی شاندار کارکردگی پر کمشنر بہاولپور نے خصوصی پذیرائی کرتے ہوئے انہیں نقد انعام اور قیمتی تحائف سے نوازا۔
غوثیہ فاطمہ پولیس اہلکار عبدالرزاق کی صاحبزادی ہیں، جنہوں نے کم عمری ہی میں کھیل کے میدان میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ انہوں نے اولمپکس، جونیئر ایشین، انٹرنیشنل، پنجاب اور آل پاکستان سطح کے مختلف آفیشل تائیکوانڈو ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے متعدد گولڈ میڈلز حاصل کیے۔ ان کی مسلسل کامیابیاں اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ مضبوط عزم، محنت اور بہترین تربیت کے ذریعے چھوٹے شہروں سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا سکتے ہیں۔
کمشنر بہاولپور نے غوثیہ فاطمہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں نقد انعام اور قیمتی تحائف پیش کیے اور ان کے والدین سمیت کوچز ارشاد احمد شاد اور جاوید بشیر کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ غوثیہ فاطمہ جیسی باصلاحیت بچیاں پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی سے ملک کو مستقبل میں مزید بین الاقوامی اعزازات حاصل ہو سکتے ہیں۔
غوثیہ فاطمہ کی کامیابی پر شہری، سماجی اور صحافتی حلقوں نے خوشی اور مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اہلکار عبدالرزاق کی صاحبزادی نے اپنی محنت اور قابلیت سے اوچ شریف کے لیے ایک قابلِ فخر مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اور متعلقہ ادارے ایسی باصلاحیت کھلاڑیوں کی سرپرستی کے لیے خصوصی اقدامات کریں، انہیں جدید تربیتی سہولیات، مالی معاونت اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں۔غوثیہ فاطمہ کی کامیابی صرف ایک بچی کی انفرادی جیت نہیں بلکہ اوچ شریف کی پہچان، والدین کے خوابوں کی تعبیر اور پاکستان کی آنے والی نسلوں کے لیے ایک روشن مثال ہے۔

