ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں شکیل احمد بھٹی، پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ سمیت ڈویژن بھر کے محکمہ صحت کے افسران و ڈاکٹرز موجود تھے
بہاول پور:23/جون کمشنر بہاول پورڈویژن ڈاکٹراحتشام انور نے کہا ہے کہ عوام الناس کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے صوبائی حکومت کی جانب سے موصولہ ہدایات پر من و عن عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا تاکہ عوام الناس کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ رہے۔ان خیالات کااظہارکمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے قائد اعظم میڈیکل کالج بہاول پور میں ڈویژن بھر کے تینوں اضلاع بہاول پور، بہاول نگر اور رحیم یار خاں کے محکمہ صحت کے افسران و ڈاکٹرز سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور ظہیر انور جپہ، ڈپٹی کمشنر بہاول نگر ذوالفقار احمد بھون، ڈپٹی کمشنر رحیم یار خاں شکیل احمد بھٹی، پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ اور اسسٹنٹ کمشنرجنرل محمد طیب سمیت ڈویژن بھر کے محکمہ صحت کے افسران و ڈاکٹرز موجود تھے۔ واضح رہے کہ کمشنر بہاول پور ڈویژن ڈاکٹر احتشام انور نے چند روز پیشتر عام شہری کی طرح بہاول وکٹوریہ ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی اورشعبہ بیرونی مریضاں میں جا کر علاج معالجہ کی صورتحال کا جائزہ لیا اور اس سلسلہ میں محکمہ صحت کے ذمہ داران سے ایک خصوصی نشست پرنسپل قائد اعظم میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ فرخ کی سربراہی میں منعقد کی گئی۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال میں آنے والے مریضوں، صفائی ستھرائی کی صورتحال، جگہ جگہ سیوریج کا کھڑا پانی اور نکاس آب کی ناگفتہ بہ صورتحال، ٹوائلٹس کی ابتر صورتحال، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی،ہسپتالوں کے سبزہ زاروں کی بدترین صورتحال اور ہسپتال کی مجموعی حالت زار پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ ڈاکٹری کا پیشہ پیغمبرانہ پیشہ ہے اور ڈاکٹرز معاشرے کا سب سے پڑھا لکھا اور قابل عزت طبقہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹرزاپنے حقِ مسیحائی کو مدنظر رکھتے ہوئے دور رس نتائج کے حامل عملی اقدامات کوبروئے کار لائیں اور ڈویژن بھر کے ہسپتالوں میں دستیاب طبی سہولیات اور وسائل کو بہترین انداز میں استعمال کرتے ہوئے ہسپتالوں کی حالت زار کو بہتر بنائیں اور ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو بہترین علاج معالجہ کی فراہمی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز اپنے پیشہ ورانہ فرائض بہترین انداز میں انجام دیں اور سروس ڈیلیوری میں بہتری لائیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن نے کہا کہ ڈاکٹرزاور پیرامیڈیکل سٹاف وقت کی پابندی اورجائے ڈیوٹی پراپنی موجودگی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال کے گردونواح میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے اور ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین سے بہترین طرز عمل اختیار کیا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتال میں پیرامیڈیکل سٹاف کی حاضری اور دوران اوقات اپنی ڈیوٹی پر موجودگی کو سو فیصد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں پارکنگ کی جگہ کو بہتر بنایا جائے، غیر ضروری بینرز اور اشتہارات کا خاتمہ کیا جائے۔نیز سیکورٹی کے انتظامات کو بھی بہتر بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہسپتالوں کے انتظامات میں بہتری لانے کے حوالے سے درپیش مشکلات اور مسائل بارے کمشنر بہاول پور ڈویژن کو آگاہ کیا جائے لیکن دستیاب وسائل کے درست استعمال کو بھی سو فیصد یقینی بنایا جائے۔