سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان گمنام ہیرو ہیں، سلوٹ پیش کرتی ہوں،سی ٹی ڈی کے قیام کا کریڈٹ محمد شہباز شریف کو جاتا ہے وزیر اعلیٰ پنجاب
لاہور20مارچ: وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت سی ٹی ڈی کے حوالے سے اجلاس،سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کا دورہ، کارکردگی کو سراہا، خواتین افسروں سے ملاقاتوزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہاہے کہ دہشت گردی کے سدباب کے لئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ دہشت گردوں کی سرکوبی کے لئے سی ٹی ڈی کا کردار ناقابل فراموش ہے۔ معاشی ترقی کے لئے پائیدار امن و استحکام ناگزیر ہے۔عوام کے جان و مال کی حفاظت سے بڑی قومی خدمت نہیں ہوسکتی۔ اسلام کے نام پر انتہا پسندی اور قتل غارت قابل مذمت ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت انسداد دہشت گردی ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں سی ٹی ڈی کے سربراہ ایڈیشنل آئی جی وسیم احمد خان نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی پر بریفنگ دی۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سی ٹی ڈی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہاکہ سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان گمنام ہیرو ہیں، سلوٹ پیش کرتی ہوں۔ سی ٹی ڈی جیسے ادارے کے قیام کا کریڈٹ محمد شہباز شریف کو جاتا ہے۔سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان قابل تحسین قومی خدمت سر انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سی ٹی ڈی کے افسر اور جوان صلہ و ستائش کی پروا کئے بغیر سرگرم عمل ہیں۔ امن و امان کے لئے کوشاں ادارے کے لئے تمام تر وسائل مہیا کئے جائیں گے۔ پنجاب کی ترقی، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کا مشن پائیدار امن و امان کے بغیر ممکن نہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے سی ٹی ڈی ہیڈ کوارٹر کا دورہ بھی کیا، خواتین افسروں سے ملاقات کی اور گروپ فوٹو بھی بنوایا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جم کا افتتاح کیا اور دورہ بھی کیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز ڈے کئیر سینٹر میں بچوں کے ساتھ بیٹھ گئیں اور باتیں کرتی رہیں۔صوبائی مشیر پرویز رشید، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری،ایم پی اے ثانیہ عاشق،چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ، خزانہ، آئی جی پنجاب پولیس، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز اور دیگر حکام بھی موجود تھے