Advertisements

مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب کا انقلابی اقدام

CM Punjab Maryam Nawaz
وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف
Advertisements

تحریر : ڈاکٹر ناصر حمید

وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف نے صوبے میں مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے خاتمے کے لیے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا باضابطہ قیام عمل میں لایا ہے۔ اس اقدام کا مقصد عوام کو استحصالی عناصر سے نجات دلانا اور قانون کی عمل داری کو ہر گلی، ہر بازار اور ہر بستی تک پہنچانا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پیرا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ "میری اور عوام کی نظریں اب پیرا پر ہوں گی، اور پیرا کی نظر ان عناصر پر جو مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات کے ذریعے عوام کا سکون غارت کرتے ہیں۔” انہوں نے کہا کہ اب وہ وقت ختم ہو چکا جب عوام اپنی زندگی بھر کی جمع پونجی سے زمین کا ٹکڑا خرید کر بھی قبضہ مافیا کے رحم و کرم پر ہوتے تھے۔ محترمہ مریم نواز شریف نے کہا کہ پیرا ایک ایسا ادارہ ہوگا جو مظلوم کی ڈھال اور ظالم کے لیے خوف کی علامت بنے گا۔ پیرا کا ہر اہلکار قانون کے نفاذ کا ضامن ہوگا، اور وہ دن دور نہیں جب پنجاب کے ہر ضلع اور تحصیل میں پیرا کی موجودگی عوام کو تحفظ اور انصاف کا یقین دلائے گی۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ ماضی میں پرائس کنٹرول، تجاوزات اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف انتظامیہ کی بھاگ دوڑ محدود اور غیر مؤثر تھی، لیکن پیرا کے قیام کے بعد ایک مربوط، منظم اور جدید نظام کے ذریعے ان مسائل کا مستقل حل ممکن ہوگا۔ پنجاب کی 144 تحصیلوں میں پیرا اسٹیشنز قائم کیے جا رہے ہیں، جنہیں جدید ڈیجیٹل آلات، گاڑیوں اور دیگر سہولتوں سے آراستہ کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پیرا کے افسران کی تربیت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی آنکھوں میں پاکستانیت اور خدمت کا جذبہ نظر آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ "اب ہر مظلوم کے ساتھ ریاست کھڑی ہوگی، اور قانون صرف غریب نہیں بلکہ طاقتور پر بھی یکساں لاگو ہوگا۔” وزیراعلیٰ نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ "ڈالا کلچر کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، اور جو قانون شکنی کرے گا، وہ کسی بھی حیثیت کا حامل ہو، قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکے گا۔”  ان کا کہنا تھا کہ کرپشن سے کمائی گئی دولت کبھی سکون نہیں دے سکتی، جبکہ حلال کمائی میں برکت ہوتی ہے۔ "بہادری ایک نعمت ہے، اور میں ایسے افراد کو پسند کرتی ہوں جو ڈٹ کر ایمانداری سے کام کرتے ہیں۔

Advertisements
Information Minister Punjab Uzma Bukhari
وزیر اطلاعات پنجاب محترمہ عظمیٰ بخاری


” پیرا کے قیام سے نہ صرف پرائس کنٹرول کو مؤثر بنایا جائے گا بلکہ مارکیٹوں، گلیوں اور بازاروں میں سے تجاوزات ختم کر کے خواتین کے لیے محفوظ ماحول بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ تجاوزات کے خاتمے سے جہاں دکانداروں کی فروخت میں اضافہ ہوا، وہیں ٹریفک کی روانی میں بھی بہتری آئی ہے۔  وزیراعلیٰ نے کہا کہ پیرا ایک ادارہ نہیں بلکہ پنجاب کے لیے ایک نیا وژن ہے، جو ہر مظلوم کے لیے امید اور ہر ظالم کے لیے احتساب کی علامت بنے گا۔ یہ ادارہ صرف نفاذ قانون نہیں بلکہ ایک انقلابی سوچ کا مظہر ہے، جس کا مقصد عوام کو عزت، انصاف اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کا پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا قیام درحقیقت ایک بصیرت افروز، جراتمندانہ اور عوام دوست اقدام ہے، جو نہ صرف اُن کے ویژن، انتظامی صلاحیت اور عوامی درد مندی کا آئینہ دار ہے بلکہ ایک نئے، منظم اور انصاف پر مبنی پنجاب کی بنیاد بھی رکھتا ہے۔ ان کا یہ قدم ثابت کرتا ہے کہ اگر قیادت مخلص ہو، نیت صاف ہو اور عوامی خدمت کو مقصد بنایا جائے تو ناممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے۔ پیرا جیسے ادارے کا قیام محض ایک انتظامی اصلاح نہیں بلکہ ایک عوامی انقلاب ہے جو پنجاب کے ہر شہری کو تحفظ، انصاف اور باوقار زندگی کی ضمانت فراہم کرے گا۔ مریم نواز شریف کا یہ اقدام نہ صرف پنجاب بلکہ پورے ملک میں گڈ گورننس اور ریاستی عملداری کی ایک قابل تقلید مثال ہے۔ ان کی قیادت میں پنجاب ایک نئے دور میں داخل ہو چکا ہے — ایسا دور جہاں قانون سب کے لیے برابر ہے، جہاں مظلوم کو آواز دی جاتی ہے اور ظالم کو قانون کے کٹہرے میں لایا جاتا ہے۔ ایسے جراتمند اقدامات پر پنجاب کی عوام بجا طور پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے اور اُمید کرتی ہے کہ ان کا یہ عزم اور عمل پورے پاکستان کے لیے رہنمائی کا باعث بنے گا۔