الحمدللہ سب سے بڑا ترقیاتی فنڈ ہونے کے باوجود کوئی مالیاتی سکینڈل سامنے نہیں آیا: مریم نواز

آئی ایم ایف کی شرائط کو بھی پورا کیا اور 740ارب روپے سرپلس بجٹ بھی دیا، پنجاب میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈیلیور کیا
سرکاری ملازمین کو کارکردگی کی بنیاد پر ایڈیشنل پرفارمنس بونس دینے کا جائزہ لیں گے، مزدور کی کم از کم اجرت 40ہزار،اجرتوں کا سسٹم ڈیجیٹلائز ہونا چاہیے
پائی پائی عوام کی امانت،اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں، کامیابی نیت اور محنت سے ملتی ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا صوبائی کابینہ کے 27 ویں اجلاس سے خطاب
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ الحمدللہ،سب سے بڑا ترقیاتی فنڈ ہونے کے باوجود، کوئی مالیاتی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔ پائی پائی عوام کی امانت ہے، اللہ تعالیٰ کے سامنے جوابدہ ہیں۔ صوبائی کابینہ کے 27 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ زیرو ٹیکس بجٹ کے ساتھ سب سے بڑا ڈویلپمنٹ بجٹ بھی دے رہے ہیں۔ پچھلا ترقیاتی بجٹ بھی ایک ریکارڈ تھا، اپنے سارے ریکارڈ خود توڑیں گے۔ پنجاب میں 100نئے اختراعی پروگرام اور پراجیکٹس شروع کیے گئے ہیں جو خود ایک ریکارڈ ہے۔ میسر وسائل سے عوام کی خدمت کررہے ہیں۔ کامیابی نیت اور محنت سے ملتی ہیں، اس سال گزشتہ برس سے بھی زیادہ محنت کریں گے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ 700 سڑکیں بن رہی ہیں،12ہزار کلو میٹر روڈز کی تعمیر و توسیع ایک بہت بڑا ریکارڈ ہے۔ عید پر صوبہ بھر میں صفائی کا ریکارڈقائم کیا۔ ٹیکس بڑھانا آسان ہے لیکن بڑھانے کی بجائے ٹیکس نیٹ پر توجہ دیں گے۔ پوری توجہ عوام پر مرکوز ہے، ہیلتھ اور ایجوکیشن میں آج تک اتنے بجٹ کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ دو چار بڑے پراجیکٹ بنا دیں تو لگتا ہے بڑا کام ہوا ہم 100نئے پروگرام لیکر آئے ہیں۔ فری میڈیسن ہر جگہ ملیں گی، اس سال سکولوں میں ضروری سہولتوں کی فراہمی کا ہدف پورا کریں گے۔ عوام کی خدمت ہماری ذمہ داری ہے،40ہزار سے زائد گھر 40سال میں بھی نہیں بن سکے۔ عوام کی خدمت اوربھرپور تبدیلی کیلئے وقت بہت کم ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ آئی ایم ایف کی شرائط کو بھی پورا کیا اور 740ارب روپے سرپلس بجٹ بھی دیا اور پنجاب میں ایمرجنسی نافذ کرکے ڈیلیور کیا۔ پی آر اے کی ریونیوکولیکشن سے خوش نہیں، بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ سینئر منسٹر نے رات بھر جاگ کر کام کیا جس پر شاباش دیتی ہوں۔ چیف سیکرٹری اور ان کی پوری ٹیم کو بھی مبارکباد دیتی ہوں، نواز شریف بھی ان کی تعریف کرتے ہیں۔ عوامی خدمت کا تاریخی پیکج پیش کررہے ہیں۔ ہر ڈیپارٹمنٹ سے متعلق اعداد وشمار زبانی یاد ہیں۔ فنانشل ڈسپلن کی وجہ سے گورننس میں بہتری آرہی ہے۔ 2025-26کا بجٹ ملک کی تاریخ کا لاثانی بجٹ ثابت ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبائی اسمبلی میں پوری پراگریس پیش کریں گے،کتنے فنڈ کہاں خرچ ہوئے سب بتائیں گے۔ ای ٹینڈرنگ اور گڈ گورننس کی وجہ سے کوئی سکینڈل نہیں بنا۔ جو کامیابی ملی اللہ تعالیٰ نے عطا کی، نیت نیک ہے کام کرتے رہیں گے۔ عید کے موقع پر ستھرا پنجاب نے ریکارڈ قائم کیے، افسران خود سڑکوں پر نکل آئے، شوق سے کام کیا۔ پنجاب میں ورک ایتھکس تبدیل ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ اقتدار اللہ تعالیٰ کی ا مانت ہے اور مخلوق کی خدمت ہمارا مشن ہے۔ سرکاری ملازمین کو کارکردگی کی بنیاد پر ایڈیشنل پرفارمنس بونس دینے کا جائزہ لیں گے۔ مزدور کو کم از کم اجرت 40ہزار دی جائے،اجرتوں کا سسٹم ڈیجیٹلائز ہونا چاہیے۔ پنجاب میں مقامی قرضوں کی شرح میں 94فیصد ریکارڈ کمی آئی ہے۔ سینئر منسٹر،وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ مریم اورنگزیب اور فنا نس منسٹر نے کابینہ کو تفصیلی بریفنگ دی۔
٭٭٭٭