حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں، ملک بند کر کے پہلے ہی ہمارا احتجاج کامیاب بنادیا،، علی امین گنڈا پور
وفاق اور پنجاب حکومت نے بوکھلاہٹ میں موٹروے اور شاہراہیں، بس اڈے بند کردیے ہیں، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ وفاق اور پنجاب حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں اور انہوں نے ملک بند کر کے ہمارا احتجاج پہلے ہی کامیاب بنادیا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے ہائی ویز، موٹر ویز، بس اڈوں، ہوٹلز اور پنجاب میں دفعہ 144 کے نافذ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وفاق اور پنجاب حکومت نے بوکھلاہٹ میں موٹروے اور شاہراہیں بند کردیں، پنجاب بھر میں دفعہ 144کا نفاذ، ہوٹلوں اور لاری اڈوں کی بندش ثبوت ہے کہ حکومت کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم ابھی 24 نومبر کے احتجاج کی تیاریوں کےمراحل میں ہیں، حکومت نے ملک بند کرکے ہمارااحتجاج خود ہی کامیاب بنادیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہوگا، حکومت ملک بند کرکے عوام کو تکلیف دے رہی ہے۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایک کال سے حکومت کے اوسان خطاہوگئے ہیں، جیل میں قید ایک شخص نے احتجاج سے قبل ہی حکمرانوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا ہے