صاف ستھرا لودھراں اور عید الاضحی2023ء کیلئے ہنگامی اقدامات
تحریر: نعمان مسعود خان ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز لودھراں
حکومت پنجاب کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر صاف و شفاف ماحول کی فراہمی کے لئے بھرپور ٹھوس اقدامات اٹھائے ۔ ضلعی انتظامیہ لودھراں نے نوجوان اور محنتی قیادت ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر کی سربراہی میں ضلع بھر میں جامع و مربوط حکمت عملی کے تحت قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو روزانہ کی بنیاد پر ایس او پیز کے مطابق بروقت تلفی کو یقینی بنایا ۔ ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر کی ضلع لودھراں میں اس موقع پر تعیناتی اور صفائی ستھرائی کے فول پروف انتظامات کیلئے حکومت پنجاب کے ان شاندار اقدام سے عوام بھر پور مستفید ہوئے۔ ضلع بھر میں میونسپل کمیٹیز اور ضلع کونسل کے فعال کردار سے عید الاضحٰی کا صفائی آپریشن کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ایڈمنسٹریٹر میونسپل کمیٹی لودھراں و ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سیدہ آمنہ مودودی اور اسسٹنٹ کمشنر لودھراں اشرف صالح صفائی ستھرائی کے انتظامات کی نگرانی کے لیے مکمل متحرک نظر آئے ۔
نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کے ویژن کے مطابق ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر نے تینوں تحصیلوں کے انتظامی افسران کو حتی الوسع متحرک رکھا۔عیدالاضحیٰ کے دوران ضلع بھر میں ڈپٹی کمشنر عبدالرؤف مہر فیلڈ میں نگرانی کے عمل کیلئے مکمل متحرک رہے۔انہوں نے تینوں تحصیلوں کے مختلف مقامات پر خود جاکرسینٹری ورکرز کے کاموں کی مانیٹرنگ انجام دی۔انہوں نے فیلڈ عملے کی کارکردگی کو سراہا اور سینٹری ورکرز کی حوصلہ افزائی بھی کی ۔ ضلعی دفتر تعلقات عامہ لودھراں نے عید الاضحٰی کے ایام کے دوران صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کے ایک ایک لمحہ سے پرنٹ، الیکٹرانک و ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے عوام کو باخبر رکھا ۔ ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفس لودھراں نے صفائی آپریشن پر مامور افسران اور متعلقہ سٹاف کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو میڈیا کے ذریعے عوام تک بہم پہنچانے کی ذمّہ داری باخوبی ادا کی ۔
ضلع بھرمیں عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی ستھرائی اور قربانی کے جانور کی آلائشیں بروقت تلف کرنے کے حوالہ سے ضلعی انتظامیہ لودھراں کی کارکردگی شاندار رہی۔عید الاضحی کے ایام کے دوران شہر میں صفائی کی بہترین صورتحال کو یقینی بنانے اور قربانی کے جانوروں کی باقیات کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے لیے سینٹری سٹاف نے انتہائی دلجمعی اور محنت سے اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیں ۔اس سلسلہ میں 300 سے زائد افسران، سینیٹری انسپکٹرز ، ڈرائیورز اور سینیٹری ورکرز پرمشتمل ٹیمیں اپنی خوشیوں کو بلائے تاک رکھ کر عید قربان کے تینوں ایام میں ڈیوٹی انجام دیتے رہے۔ سینٹری سٹاف نے عید الاضحی کی تعطیلات کے دوران صفائی ستھرائی کی بہترین سہولیات کی فراہمی اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں بہترین طریقے سے منتقل کرکے تلف کرنے کے لیے جامع حکمت عملی کے تحت کام بلا تعطل جاری رکھا ۔عید الاضحی کے موقع پر ضلع بھر میں متعدد عید کیمپس لگائے گئے جہاں متعلقہ میونسپل کمیٹیوں کے سینیٹری انسپکٹرز کے علاوہ سینیٹری ورکرز عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت حاضر رہے اور عوام میں جانوروں کی آلائشوں کو منتقل کرنے کے لیے بائیؤ ڈیگریڈیبل بیگز تقسیم کیے ۔
ضلعی انتظامیہ لودھراں کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے اعدادوشمار کے مطابق عید الاضحی کے تینوں ایام کے دوران عملہ صفائی نے مجموعی طور پر ضلع بھر سے 1087 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا۔ عیدالاضحیٰ کے پہلے روز 487 ٹن، دوسرے روز 380 ٹن اور عید کے تیسرے روز 260 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق عید کے پہلے روز مونسپل کمیٹی لودھراں نے 127 ٹن، میونسپل کمیٹی دنیاپور نے 170ٹن، میونسپل کمیٹی کہروڑپکا نے 70 ٹن اور ضلع کونسل نے 70 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا۔ عید کے دوسرے روز مونسپل کمیٹی لودھراں نے 105 ٹن، میونسپل کمیٹی دنیاپور نے 120 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا جبکہ میونسپل کمیٹی کہروڑپکا نے 65 ٹن اور ضلع کونسل نے 40 ٹن آلائشوں کو ٹھکانے لگایا ۔ عید کے تیسرے روز ایم سی لودھراں نے 80 ٹن ، ایم سی دنیا پور نے 40 ٹن اور ایم سی کہروڑپکا نے 50 ٹن جبکہ ضلع کونسل نے 35 ٹن جانوروں کی آلائشیں اور باقیات شہر سے باہر منتقل کیں اور انہیں ماحولیاتی تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈمپ کیا ۔بعد ازاں آلائشوں سے پاک کیے گئے علاقوں میں چونا ڈالا گیا تاکہ علاقے کو تعفن اور غلاظت سے پھیلنے والی بیماریوں سے محفوظ رکھا جا سکے ۔شہریوں کو کرونا وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے شہر میں جراثیم کش اور شہری علاقوں کو بدبو سے محفوظ بنانے کے لیے سپرے بھی کیا گیا۔
عیدالاضحیٰ 2023ء کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو اکھٹا کرنے اور بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے ضلع بھر کی میونسپل کمیٹیوں کے زیر انتظام عارضی کولیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ۔ کولیکشن پوائنٹس کا قیام صفائی آپریشن کے انتظامی امور کو فول پروف بنانے اور بہتر انداز میں خدمات کی انجام دہی میں ممدو معاون ثابت ہوا ۔ لودھراں شہر کو کل 30 وارڈز میں تقسیم کیا گیا جب کہ وارڈز کو آبادی کے لحاظ سے مزید 7 زونز میں تقسیم کیا گیا اور ہر زون کے لیے ایک ایک کولیکشن پوائنٹ مختص کیا گیا ۔ لودھراں تحصیل کے لیے بنائے گئے کولیکشن پوائنٹس میں حسن والا نزد ڈسپوزل کولیکشن پوائنٹ، لیاقت آبادگراؤنڈ کولیکشن پوائنٹ، قبول والا مدرسہ کولیکشن پوائنٹ، اعوان والا چوک کولیکشن پوائنٹ، نزدقاری ریاض والا مدرسہ کولیکشن پوائنٹ، نواں کھو کولیکشن پوائنٹ اور ٹھاکر والا چوک کولیکشن پوائنٹ شامل ہیں ۔
میونسپل کمیٹی لودھراں کا مرکزی کولیکشن پوائنٹ اولڈ میونسپل اسٹیڈیم لودھراں میں قائم کیا گیا ۔تحصیل کہروڑپکا میں بنائے گئے کلیکشن پوائنٹس میں پرانا بہاولپور روڈ کولیکشن پوائنٹ، بنگلہ انہار روڈ کولیکشن پوائنٹ، ریلوے روڈ کولیکشن پوائنٹ، چوک حافظ القران کولیکشن پوائنٹ، پیلی کوٹھی چوک کولیکشن پوائنٹ، شاہ پور روڈ کولیکشن پوائنٹ ، پیر برہان کولیکشن پوائنٹ، محلہ ہندیھیرا کولیکشن پوائنٹ، پرانا میلسی روڈ کولیکشن پوائنٹ، نزد امن میرج ہال کولیکشن پوائنٹ، جوگ مایا روڈ کولیکشن پوائنٹ، میلسی چوک کولیکشن پوائنٹ اور بستی پکا کا عارضی کلیکشن پوائنٹ بنائے گئے ۔
میونسپل کمیٹی کہروڑپکا کی جانب سے دو ڈمپنگ سائٹ بنائی گئیں تھی ایک ڈمپنگ سائٹ ظفر آباد جبکہ دوسری ڈمپنگ سائٹ بستی آنگاسی میں قائم کی گئی تھی ۔ میونسپل کمیٹی دنیا پور کی جانب سے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کے لیے بنائے گئے کلیکشن پوائنٹس میں حسین چوک کولیکشن پوائنٹ، بودا روڈ گرلز ہائی سکول کولیکشن پوائنٹ، چوک کمہارا والا کولیکشن پوائنٹ، محلہ راجپوتاں والا نزد بی ائی ایس پی آفس کولیکشن پوائنٹ، میلسی چوک کولیکشن پوائنٹ، محلہ ٹینکی والا کولیکشن پوائنٹ، نزد ٹیکسی سٹینڈ کولیکشن پوائنٹ، صافی والی گلی کولیکشن پوائنٹ، بستی نور پیر کولیکشن پوائنٹ، بستی بشیر آباد کولیکشن پوائنٹ اور دوکوٹا چوک نزد بلو سکائی پمپ کولیکشن پوائنٹ بنائے گئے۔ دنیاپور کے لیے ڈمپنگ پوائنٹ چک نمبر 325 ڈبلیو بی میں بنایا گیا تھا۔
علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لودھراں نے عید قربان کے دوران صفائی ستھرائی کے حوالہ سے عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے ضلع بھر بھر میں بھرپور انداز میں آگاہی مہم چلائی۔ آگاہی مہم کے دوران گھر گھر جا کرشہریوں میں فری بائیو ڈیگریڈایبل بیگز اور آگاہی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ ان پمفلٹس کے ذریعے تمام سپروائزری اور آپریشنل سٹاف کے موبائل نمبرز بھی فراہم کیے گئے تاکہ عوام کو سینٹری سٹاف تک با آسانی رسائی ممکن ہو سکے۔ضلع کی عوام نے عید قربان پر اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور میونسپل کمیٹیوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کیا۔ میونسپل کمیٹیوں نے عید سے قبل ہی گھر گھر ویسٹ بیگز فراہم کئے جن کے استعمال کو عوام نے یقینی بنایا اسطرح شہر جگہ جگہ گندگی، غلاظت اور تعفن پھیلنے سے محفوظ رہا اور ایسا صرف لودھراں کے باشعور عوام کے بھرپور تعاون سے ہی ممکن ہوسکا۔
اس سلسلہ میں ضلعی انتظامی افسران، آپریشنل ڈیپارٹمنٹ، سینیٹری انسپکٹرز اور خصوصی طور پر تمام سینٹری ورکرز کا کردار نمایاں رہا ۔ اسی طرح ضلع کونسل لودھراں اور میونسپل کمیٹیوں کی جانب سے علاقے کو صاف ستھرا رکھنے میں سینٹری ورکرز کا کردار بہت شاندار رہا۔ ضلع بھر کی تینوں تحصیلوں میں میونسپل کمیٹیوں اور ضلع کونسل لودھراں کی جانب سے مجموعی طور پر 1080 ٹن سالڈ ویسٹ تلف کیا گیا۔اس اہم ذمہ داری کی ادائیگی کے لئے سینیٹری سٹاف نے اہم ترین فریضہ سرانجام دیا ۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوران مجموعی طور پر کل 245 شکایات موصول ہوئیں جن کا ایک گھنٹے کے ٹائم فریم کے دوران فوری ازالہ کر دیا گیا ۔ ضلع کی عوام نے عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی کے شاندار انتظامات کرنے پر حکومت پنجاب کی کاوشوں کو خوب سراہا