بہاول پور02/جنوری: سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈکمیونٹی ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب محمد امین اویسی نے کلین اینڈ گرین بہاول پور مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہے کہ بہاول پور کو سرسبز وشاداب اور صاف ستھرا بنانے کے لیے عوام الناس کے تعاون سے ایک ماہ تک مہم چلائی جائے گی۔اس مہم کے ذریعے صفائی ستھرائی کا شعور بیدار کیا جائے گا اور ماحول کو خوشگوار و سرسبز و شاداب بنانے کے لیے وسیع پیمانے پر شجرکاری کی جائے گی۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈکمیونٹی ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب محمد امین اویسی نے بائی پاس چوک پر سبزہ زار میں صفائی مہم میں حصہ لیا اور شجرکاری کی۔ انہوں نے ملکی سلامتی، خوشحالی اور استحکام کے لیے دعا بھی کی۔ اس موقع پر سی ای او چیف ایگزیکٹوآفیسر بہاول پور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نعیم اختر، ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد زمان وٹو، ایڈیشنل سیکرٹری محمد راشد، ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز ڈاکٹر ناصر حمید، چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن محمد آصف سمیت پی ایچ اے، ویسٹ مینجمنٹ کمپنی، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور دیگرسرکاری اداروں کے ملازمین و افسران شریک ہوئے اور عملی طور پر صفائی مہم میں حصہ لیا۔سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈکمیونٹی ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب محمد امین اویسی نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہاول پور کے اندرون شہر بازار اور مارکیٹس کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے اور اس سلسلہ میں عوامی آگاہی مہم چلائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے شہر کی تزئین وآرائش کی جائے گی اور اس مہم کو کامیاب بنانے کے لیے وہ خود فیلڈ میں سٹاف کے ساتھ شریک ہوں گے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ اینڈکمیونٹی ڈویلپمنٹ جنوبی پنجاب محمد امین اویسی نے کہا کہ موسمی تبدیلیوں کی وجہ سے قدرتی آفات کو شکست دینے کے لیے وسیع پیمانے پر شجرکاری کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام الناس میں صحت مند زندگی کے اصولوں بارے شعور اجاگر کرکے حفظان صحت کے اصولوں کی ترویج کی جائے گی۔