Contact Us

حمزہ شہباز نے اسلامیہ یونیورسٹی کے بارشوں میں اضافے کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی

Cholistan Rain project

حمزہ شہباز نے اسلامیہ یونیورسٹی کے بارشوں میں اضافے کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی —– خصوصی آن لائن اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ بہاول پور سے وائس چانسلرانجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، کمشنر بہاول پور راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اوردیگر افسران شریک تھے

 وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کے بارشوں میں اضافے کے پراجیکٹ کی اصولی منظوری دے دی۔اس سلسلے میں خصوصی آن لائن اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور صوبائی سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ بہاول پور سے وائس چانسلر انجینئرپروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب، کمشنر بہاول پور راجہ جہانگیر انور، ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا اوردیگر افسران شریک تھے۔وائس چانسلر اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے آن لائن اجلاس میں وزیر اعلیٰ پنجاب کو خصوصی موسمیاتی نظام کے ذریعے چولستان میں بارشوں میں اضافے کے منصوبے سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔  وزیر اعلیٰ پنجاب نے بڑھتی ہوئی آبادی اور نیشنل فوڈ سیکورٹی کے تناظر میں اس منصوبے کو بہت اہمیت کا حامل قرار دیا۔ انہوں نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکو آزمائشی بنیادوں پر موسمیاتی ٹیکنالوجی نظا م کے منصوبے پر عملدرآمد کی اجازت دے دی۔انہوں نے کہا کہ مصنوعی بارش کے اس منصوبے کو لاہور میں بھی سموگ کے خاتمے کے لیے بھی آزمایا جائے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے پر عملدرآمد سے چولستان میں بارش کی شرح میں 500ملی میٹر تک اضافہ ہو گا جس سے 6.5ملین ایکٹر رقبے پر خصوصی ایگرو اکنامک زون قائم ہو سکے گا۔ اس منصوبے سے چولستان میں زمین کی آبادکاری کے ساتھ ساتھ لائیو سٹاک میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ اس منصوبے سے ملکی معیشت کو 10ارب ڈالر کا فائدہ پہنچے گا اورچولستان کے مقامی باشندے خوشحال ہوں گے۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے وائس چانسلر انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب اور سائنسدانوں کو قومی اہمیت کا منصوبہ پیش کرنے پر سراہا گیا۔

مزید پڑھیں