Advertisements

نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ کی ملاقات

Elections are being held on its fixed time,says CareTaker Prime Minister
Advertisements
اسلام آباد۔22جنوری  (اے پی پی):نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی کامیابی کے لئے  پاکستان کے بھرپور عزم کا اعادہ کرتے ہوئے  دونوں فریقوں کو جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ سے چین کے نائب وزیر خارجہ سن ویڈونگ نے یہاں ملاقات کی۔وزیراعظم نے چینی نائب وزیر خارجہ اور ان کے وفد کے ارکان کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنی سدا بہار   سٹرٹیجک  تعاون پر مبنی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔اکتوبر 2023 میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے لئے بیجنگ کے اپنے دورے کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ وہ صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی کیانگ کے پاکستان کیلئے گرمجوشی کے جذبات سے بہت متاثر ہوئے۔ انہوں نے چینی قیادت کے لئے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کی کامیابی کے لئے پوری طرح پرعزم ہے اور دونوں فریقوں کو جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ملاقات کےد وران پاک چین تعلقات کے علاوہ علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے ملاقات پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور انہیں دورے کے دوران ہونے والی مختلف ملاقاتوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے چینی قیادت کی طرف سے وزیراعظم کو خصوصی مبارکباد دی۔ نائب وزیر خارجہ نے کہا کہ چین اور پاکستان "آہنی بھائی" ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ چین پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی میں ہمیشہ ایک قابل اعتماد شراکت دار رہے گا۔