چنی گوٹھ: پھٹہ رکشہ حادثہ، آٹھ ماہ کا بچہ جاں بحق، ماں شدید زخمی
اچانک خاتون ساجدہ بی بی کا دوپٹہ رکشہ کی چین میں پھنس گیا۔ حادثے کے باعث ماں اور بچہ شدید زخمی ہو گئے
آٹھ ماہ کا معصوم عبید ریاض زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ساجدہ بی بی کو بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور ریفر کر دیا گیا۔
چنی گوٹھ (نامہ نگار) چنی گوٹھ کے نواحی علاقے میں افسوسناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں آٹھ ماہ کا معصوم بچہ جاں بحق جبکہ اس کی والدہ شدید زخمی ہو گئی۔ریسکیو 1122 ذرائع کے مطابق چک نمبر 1 عباسیہ کی رہائشی ساجدہ بی بی اپنے آٹھ ماہ کے بیٹے عبید ریاض کے ہمراہ پھٹہ رکشہ پر سوار ہو کر چنی گوٹھ آ رہی تھیں کہ چک نمبر 52 عباسیہ کے قریب اچانک خاتون کا دوپٹہ رکشہ کی چین میں پھنس گیا۔ حادثے کے باعث ماں اور بچہ شدید زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ٹیم نے اطلاع ملتے ہی موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی، تاہم آٹھ ماہ کا معصوم عبید ریاض زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ شدید زخمی خاتون ساجدہ بی بی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد آر ایچ سی منتقل کیا گیا، جہاں سے تشویشناک حالت کے باعث انہیں بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاولپور ریفر کر دیا گیا۔واقعہ کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی جبکہ اہل علاقہ نے پھٹہ رکشوں میں حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔

