Advertisements

چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی بہاولپور آمد، مختلف اجلاسوں میں شرکت، اور متعلقہ افسران کو ضروری ہدایات

Chief Secretary Punjab Kamran Ali Afzal arrives in Bahawalpur
Advertisements

بہاول پور: 27/دسمبر چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل نے جانوروں اور پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے یہ ہدایت کمشنر آفس بہاول پور میں منعقدہ اجلاس کے دوران جاری کی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ جنگلی حیات کا تحفظ سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے۔ انہوں نے کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال کو ہدایت کی کہ غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت ترقیاتی سکیموں میں تاخیر کسی صورت برداشت نہیں،ترقیاتی فنڈز کا بروقت او ر شفاف استعمال یقینی بنایا جائے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز محکمہ ریونیو میں کرپشن کے خاتمے میں اپنا کردار ادا کریں اور کرپٹ افسران اور اہلکاروں کے خلاف ایکشن لیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ زرعی منڈیوں میں نیلامی کے عمل اور مارکیٹ کمیٹیوں کی کڑی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن مہم قومی مقصد ہے، دیئے گئے اہداف کو ہر صورت پورا کیا جائے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے افسران کو کھاد کے سٹاک اور سپلائی کی آن لائن مانیٹرنگ جاری رکھنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال نے اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ بہاول پور ڈویژن میں 686ترقیاتی منصوبے زیر تکمیل ہیں۔سمگلنگ کی روک تھام کے لئے سات چیک پوسٹیں قائم کی گئی ہیں اور سمگل کی جانے والی 900ٹن گندم ضبط کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چولستان کی ترقی کے لئے جامع پلان پرعملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ریجنل پولیس آفیسر بہاول پور شیر اکبر نے اجلاس کو ڈویژن بھر میں امن و امان کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب ثاقب ظفر، بہاول پور،رحیم یار خاں اور بہاول نگر کے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔چیف سیکرٹری پنجاب نے بہاول وکٹوریہ ہسپتال بہاول پور کا اچانک دورہ بھی کیا۔ انہوں نے شعبہ ایمرجنسی اور گائنی وارڈسمیت دیگر وارڈز کا معائنہ کیا اور مریضوں اور ان کے لواحقین سے علاج معالجے کی دستیاب سہولیات بارے دریافت کیا۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے مریضوں سے پوچھا کہ علاج معالجے میں کوئی مشکل تو درپیش نہیں؟کیا ہسپتال میں داخل مریضوں کو ادویات مفت فراہم کی جاتی ہیں۔ شہریوں نے ہسپتال میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے مریضوں اور ان کے لواحقین کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل کے لئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔انہوں نے ہدایت کی کہ لوگوں کی رہنمائی کے لئے ہسپتال میں انفارمیشن ڈیسک بھی قائم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کے اچھے رویے اور رہنمائی سے مریض میں اطمینان کا احساس پیدا ہوتا ہے، محدود وسائل کے باوجود انسانیت کے جذبے سے مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کی جا سکتی ہے۔اس موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنوبی پنجاب کیپٹن (ر) ثاقب ظفر، کمشنر بہاول پور ڈویژن کیپٹن (ر) محمد ظفر اقبال بھی موجود تھے۔چیف سیکرٹری پنجاب نے ماڈل بازار کا دورہ بھی کیا اور مختلف سٹالز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اور معیار چیک کیا۔انہوں نے بہاول پور تا یزمان 2082ملین روپے کی لاگت سے نئی تعمیر ہونے والی دو رویہ سڑک کا معائنہ بھی کیا۔  

Chief Secretary Punjab Kamran Ali Afzal arrives in Bahawalpur 2
Chief Secretary Punjab Kamran Ali Afzal arrives in Bahawalpur 3
Chief Secretary Punjab Kamran Ali Afzal arrives in Bahawalpur 4