میونسپل کمیٹی اوچ شریف کا شہر کے مختلف مقامات اور شاہرات پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، بھاری جرمانے، سامان ضبط

چیف آفیسر فرخ عدنان کے زیرنگرانی میونسپل کمیٹی کے اینٹی انکروچمنٹ عملے نے فٹ پاتھ، پبلک پارک، اور برلب شاہرات پر رکھے سامان کو اپنے تحویل میں لے لیا
اوچ شریف (کرائم رپورٹر) میونسپل کمیٹی اوچ شریف کا شہر کے مختلف مقامات اور شاہرات پر تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن، بھاری جرمانے، سامان ضبط کر لیا گیا، تفصیلات کے مطابق چیف آفیسر فرخ عدنان کے زیرنگرانی میونسپل کمیٹی اوچ شریف کے اینٹی انکروچمنٹ عملے نے حسینی چوک، خیرپور ڈاہا روڈ، مین بازار، الشمس چوک، عباسیہ روڈ، احمد پور شرقیہ روڈ اور جلال پور پیروالہ روڈ پر تجاوزات مافیاکے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے فٹ پاتھ، پبلک پارک، اور برلب شاہرات پر رکھے سامان کو اپنے تحویل میں لے لیا اور وارننگ کے باوجود تجاوزات نہ ہٹانے پر دکان داروں کو جرمانے عائد کیے، اس موقع پر سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم بھی چیف آفیسر کے ہمراہ تھے،
گرینڈ آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر قائم عارضی تجاوزات اور تعمیرات کو بھی مسمار کر دیا گیا، چیف آفیسر فرخ عدنان نے میڈیا کو بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ’ستھرا پنجاب ویژن‘کے تحت تاریخی و روحانی شہر اوچ شریف کو خوبصورت اور تجاوزات سے پاک بنانے کے لیے میونسپل انتظامیہ مکمل متحرک ہے، انہوں نے کہاکہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن روزانہ کی بنیاد پر جاری ہے،سینئر میونسپل آفیسر قاضی محمد نعیم نے کہا کہ اوچ شریف میں سرکاری اراضی پر قابضین کے خلاف بھی کارروائیاں کی جا رہی ہیں اور دکان داروں کا سامان ضبط کیا جا رہا ہے، دوران آپریشن پختہ اور عارضی تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے اور تجاوزات کرنے والوں کا سامان بھی ضبط کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومتی احکامات کے مطابق تجاوزات کے خلاف کریک ڈاون کو مزید تیز کیا جائے گا۔