چیف منسٹر صوابدیدی فنڈز دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف

CM Punjab Usman Buzdar

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کینسرو لیورٹرانسپلانٹ کے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 81لاکھ روپے کے مزید فنڈز جاری
 دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا عبادت،جب تک اللہ تعالیٰ نے منصب دیا ہے،دکھی انسانیت کے دکھ بانٹتا رہونگا:عثمان بزدار

لاہور21فروری:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے چیف منسٹر صوابدیدی فنڈز دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے وقف کردیئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر کینسرو لیورٹرانسپلانٹ کے مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے 81لاکھ روپے کے مزید فنڈز جاری کر دیئے گئے۔ وزیراعلیٰ آفس کی جانب سے ڈی جی ہیلتھ پنجاب کو مستحق مریضوں کے علاج معالجے کیلئے فنڈز کے اجراء کیلئے مراسلہ ارسال کردیاگیا ہے۔ تحصیل جام پور،ضلع راجن پور کے رہائشی بون میرو کے مرض میں مبتلامحمد اسماعیل کے علاج معالجے کیلئے 30لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ محمد اسماعیل کا علاج آرمڈ فورسز بون میروٹرانسپلانٹ سینٹر، راولپنڈی کینٹ میں ہورہا ہے۔ تحصیل جتوئی،ضلع مظفر گڑھ کے رہائشی انیمیا (Anemia) کے مرض میں مبتلامحمد فرحان کے علاج معالجے کیلئے 25 لاکھ روپے کے فنڈز جاری کئے گئے ہیں۔ محمد فرحان کا علاج آرمڈ فورسز بون میروٹرانسپلانٹ سینٹر، راولپنڈی کینٹ میں ہورہا ہے۔ ڈیرہ غازی خان کے رہائشی لیورٹرانسپلانٹ کے مریض حاجی عاشق حسین کے علاج معالجے کیلئے 26لاکھ روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں۔ حاجی عاشق حسین کا علاج پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ لاہور میں ہورہا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ دکھی انسانیت کے زخموں پر مرہم رکھنا عبادت ہے۔مستحق مریضوں کے علاج کیلئے وسائل کی کوئی کمی آڑے نہیں آنے دیں گے اور جب تک اللہ تعالیٰ نے منصب دیا ہے،دکھی انسانیت کے دکھ بانٹتا رہوں گا۔