وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا مری و دیگر واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے 3 کروڑ 35 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان

Usman Buzdar

مری کے واقعہ کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل،کمیٹی 7 روز میں رپورٹ پیش کرے گی

کوتاہی یا غفلت کے ذمہ داروں کیخلاف ایکشن ہوگا، آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے شارٹ و لانگ ٹرم پلاننگ کیلئے ہدایات جاری

لاہور10 جنوری:  مری میں پیش آنے والے افسوسناک واقعہ اور بارشوں و دیگر واقعات کے باعث عمارتیں گرنے سے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کو مالی امداد دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جاں بحق افراد کے لواحقین اور زخمیوں کیلئے 3 کروڑ 35 لاکھ روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ناگہانی واقعات میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے  دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مالی امداد کسی زندگی کا مداوا نہیں۔ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور پنجاب حکومت کی تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مری میں پیش آنے والے واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو ایک کروڑ 76لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی۔مری کے واقعہ کی انکوائری کیلئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی 7 روز میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ کوتاہی یا غفلت کے ذمہ داروں کے خلاف ایکشن ہوگا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ مری میں آئندہ ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام کیلئے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلاننگ کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں۔