وزیر اعلی عثمان بزدارکا پنجاب کے نئے انتظامی یونٹس بنانے کااعلان، 3 نئے اضلاع اور 2 نئی تحصیلیں بنانے کی اصولی منظوری
لاہور کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کا اصولی فیصلہ،تحصیل مری اور تحصیل تونسہ شریف کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا:عثمان بزدار
راولپنڈی میں 2 نئی تحصیلیں بنائی جائیں گی،پسماندہ علاقوں کی طالبات کیلئے نرسنگ کالجز میں داخلے کیلئے 20فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری
لاہور31 مارچ:-وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے پنجاب کے نئے انتظامی یونٹس بنانے کااعلان کیاہے- وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے صحافیوں کے ساتھ غیر رسمی گفتگو میں بتایاکہ پنجاب میں 3 نئے اضلاع اور 2 نئی تحصیلیں بنانے کی اصولی منظوری دے دی ہے۔ لاہور کو 2 اضلاع میں تقسیم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے جبکہ تحصیل مری کو ضلع کا درجہ دیا جائے گا او راسی طرح تحصیل تونسہ شریف کو بھی ضلع بنایا جائے گا جبکہ راولپنڈی میں 2 نئی تحصیلیں بنائی جائیں گی۔مجموعی طورپر 3 نئے اضلاع اور 2 نئی تحصیلیں بنانے کی اصولی منظوری دی گئی ہے۔انہوں نے کہاکہ عوام کی فلاح وبہبود اور گڈگورننس کیلئے نئے اضلاع بنائے جارہے ہیں -ہم اس پر کافی دیر سے کام کررہے ہیں،اس کیلئے قائم کمیٹی نے سفارشات پیش کی ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بتایا کہ پسماندہ علاقوں میں طالبات کے لئے نرسنگ کالجز میں داخلے کے لئے 20فیصد کوٹہ مختص کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ اس اقدام سے پسماندہ علاقوں کی پڑھی لکھی بچیوں کو روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایک صحافی کے سوال پر لاہورپریس کلب کی سالانہ گرانٹ 2کروڑ روپے کرنے کااعلان کیا