وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا سپیشل ٹیکنالوجی زون، لاہور ٹیکنو پولس پراجیکٹ کے آغاز کی تقریب سے خطاب

Usman Bazdar

 سابق حکومت نے لاہورنالج پارک کے منصوبے پر 10سال تک عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا،790 ایکڑ زمین کوخالی رکھا گیا

سات سو نوے ایکڑ اراضی  میں سے 400 ایکڑ زمین پر لاہور ٹیکنو پولس کا منصوبہ بنے گا، ٹیکس چھوٹ دیں گے:عثمان بزدار

 روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے، سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا، لاہور ٹیکنو پولس کو سپیشل ٹیکنالوجی زون ایکٹ کے تحت مراعات حاصل ہوں گی

 امریکہ، آسٹریلیا، انگلینڈاور دیگر ممالک کے ادارے اس منصوبے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں،اجیکٹ نئی نسل کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا

 لاہور23 دسمبر: وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے لاہورنالج پارک کے منصوبے پر 10سال تک عملی طور پر کوئی کام نہیں کیا۔ایک دہائی تک790 ایکڑ زمین کوخالی رکھا گیا۔ ماضی کی حکومت نے صرف چار دیواری اور گیٹ لگایا- پی ٹی آئی کی حکومت کو سپیشل ٹیکنالوجی زون، لاہور ٹیکنوپولس پراجیکٹ پر کام شروع کرنے اعزاز حاصل ہوا ہے – مجموعی اراضی میں سے 400 ایکڑ زمین پر لاہور ٹیکنو پولس کا منصوبہ بنے گا اور اس منصوبے کے لئے انفراسٹرکچر کو جلد مکمل کریں گے-وہآج سپیشل ٹیکنالوجی زون، لاہور ٹیکنو پولس (Lahore Techno Polis) پراجیکٹ کے آغاز کی تقریب سے خطاب کررہے تھے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ ٹیکنو پولس کے لئے لاہور کا انتخاب اس لئے کیا گیا ہے کہ یہاں یونیورسٹیاں اورانڈسٹریز بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ٹیکنوپولس کے قیام کا مقصد یونیورسٹیز اور انڈسٹریزکے باہمی اشتراک کے ایسے مواقع پیدا کرناہے جس سے جدید ٹیکنالوجی کو فروغ ملے اور ملک کی معیشت اورانڈسٹری مزیدترقی کرے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے تک آسان رسائی ممکن ہو گی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا- انہوں نے کہا کہ لاہور ٹیکنو پولس کو سپیشل ٹیکنالوجی زون ایکٹ کے تحت تمام مراعات حاصل ہوں گی-سپیشل ٹیکنالوجی زون ایکٹ کے تحت 10سال کے لئے ٹیکس کی چھوٹ دی جائے گی۔Zone Enterprisesکو پراپرٹی ٹیکس،پی آر اے سروسز ٹیکس کی 10سال کیلئے چھوٹ ہو گی۔ سپیشلائزڈ ٹریننگ سینٹر،ون ونڈو سہولت،ویزا کیلئے ہیلپ ڈیسک،سبسڈائزڈ یا ٹیکس فری انٹرنیٹ اوربجلی بھی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ، آسٹریلیا، انگلینڈاور دیگر ممالک کے ادارے اس منصوبے میں گہری دلچسپی لے رہے ہیں – اس منفرد منصوبے سے اعلیٰ تربیت یافتہ نوجوانوں کو صنعتی ترقی میں حصہ لینے کا موقع ملے گا بلکہ بیرون ملک بھی روزگار کے مواقع میسر ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا اور یہ پراجیکٹ نئی نسل کیلئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔