Contact Us

وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی کا صوبے میں انتظامی لحاظ سے 5 نئے ضلع بنانے کا بڑااعلان

Chief Minister Punjab Chaudhry Pervez Elahi announced the creation of 5 new administrative districts in the province

تونسہ، مری، وزیرآباد،تلہ گنگ اور کوٹ ادو کے اراکین اسمبلی کا اضلاع کی منظوری پر وزیراعلیٰ پرویز الٰہی سے اظہار تشکر

لاہور14اکتوبر:…… وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے صوبے میں ا نتظامی لحاظ سے 5 نئے ضلع بنانے کا بڑااعلان کردیا ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ہدایت پر تونسہ شریف، مری، وزیرآباد،تلہ گنگ اور کوٹ ادوکو نئے ضلع بنانے کی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی کا کہنا ہے کہ صوبے کے عوام سے کئے گئے وعد ے پورے کر دیئے ہیں۔میں نے 2005میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا تھااور 2005 میں تونسہ کو ضلع بنانے کا اعلان ایم این اے خواجہ شیراز کے بہت بڑے جلسے میں کیا تھاجبکہ2018میں حافظ عمار یاسر کے بڑے جلسے میں تلہ گنگ کو ضلع بنانے کا اعلان کیا۔اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب تونسہ اور تلہ گنگ کو ضلع بنا نے کی منظوری بھی میں نے دی،جس پر اللہ تعالیٰ کا شکر گز ار ہوں۔انہوں نے کہا کہ مری، وزیرآباد اور کوٹ ادو کو بھی ضلع بنانے کی منظوری دی ہے اورتونسہ، تلہ گنگ، مری، وزیرآباد اور کوٹ ادوکے عوام سے کئے گئے وعدے پورے کئے جانے پر اللہ تعالیٰ کا شکر بجا لاتا ہوں۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت وزیراعلیٰ آفس میں اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی اورسابق وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے خصوصی طورپر شرکت کی۔صوبائی وزراء راجہ بشارت، محسن لغاری، راجہ یاسر ہمایوں، متعلقہ علاقوں کے اراکین اسمبلی خواجہ شیرازمحمود،محمد خان لغاری، حافظ عمار یاسر، خواجہ داؤد سلیمانی، جاوید اختر لنڈ،سردار سیف الدین کھوسہ، سردار محمد محی الدین کھوسہ،احمد علی دریشک،محمد احمد چٹھہ،،محمد شبیر،لطاسب ستی،محمد رضوان،راسخ الٰہی، چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ محمد خان بھٹی،سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ جی ایم سکندراورمتعلقہ  حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے پنجاب میں نئے اضلاع پر بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ نئے اضلاع بننے سے انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔نئے انتظامی ضلع بننے سے تعلیم،صحت اوردیگر سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔نئے اضلاع بنانے کا فیصلہ ارکان اسمبلی اور عوام کی سہولت کو مد نظر رکھ کر کیاہے۔نئے اضلاع بننے سے ترقی کے ثمرات عوام کی دہلیز تک پہنچیں گے۔ نئے اضلاع کو مالی خود مختاری کی راہ پر گامز ن کیا جائے گا۔ محسن لغاری کے مطالبے پر جام پور کو ضلع بنانے پر بھی کام شروع کردیا ہے اوراگلے چند دنوں میں اس ضمن میں میٹنگ میں حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔ تونسہ شریف، مری، وزیرآباد،تلہ گنگ اور کوٹ ادو کے اراکین اسمبلی نے اضلاع کی منظوری پر وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے تشکرکا اظہار کیا اورکہا کہ آپ کا یہ فیصلہ عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔آپ نے عوام کے دیرینہ مطالبے کو مختصر مدت میں پورا کرکے ہمارے دل جیت لئے ہیں۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ تونسہ شریف کو ضلع بنانے پر عمران خان اور وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ تونسہ شریف کے ضلع بننے سے علاقے کے عوام کی محرومیاں دور ہوں گی۔

مزید پڑھیں